International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, June 12, 2008

میاں شہبازشریف کا قبضہ گروپوں سے سرکاری زمینیں واگزار کرانے اور انہیں سزا دینے کا اعلان



ڈیرہ غازی خان۔ وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ماضی میں قبضہ گروپوں کو بہت فرو غ ملا اور جن قبضہ گروپو ںنے بڑے بڑے پلازے اورمحلات بنائے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی .ہم ایک ایک پائی کے امین ہیں . قومی وسائل کے ضیاع کی کسی کواجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ان وسائل پر کسی اور کا نہیں صرف عوام کاحق ہے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سرکٹ ہاوس ڈیرہ غازیخان کے لان میں معززین علاقہ ، ناظمین ،مسلم لیگی عہدیداروں اور ورکرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ سردار دوست محمد خان کھوسہ، صوبائی وزیر زراعت ملک احمد علی اولکھ ، ممبران قومی اسمبلی سردار سیف الدین خان کھوسہ ، مسزشہناز سلیم اور ممبر صوبائی اسمبلی سردار شیر علی گورچانی بھی موجود تھے ۔ انہوںنے جلسہ گاہ میں بچھائے جانے والے قالینوں اور نصب کیے گئے شامیانوں پر انتہائی ناپسندیدگی کااظہار کیا او رکہاکہ جہاں بھوک ، غربت اور بیماری ناچ رہی ہووہاں قالین بچھے ہوں تو یہ بہت بڑی زیادتی ہے انہوںنے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں اس نمود ونمائش کو بند کیا جائے اور ایسی روایات نہیں ہونی چاہئیں . میاں شہبازشریف نے کہا کہ انہوںنے اپنے دورے کا آغاز جنوبی پنجاب کے پسماندہ اور دور دراز علاقے ڈیرہ غازیخان سے کیاہے کیونکہ بہاولپو ر ، ڈیرہ غازیخان ، بہاولنگر ، مظفرگڑھ ، رحیم یار خان کے لوگوں کا بھی ترقیاتی منصوبوں اور سہولتوں پر اتنا ہی حق ہے جتنا لاہور ، اسلام آباد اورراولپنڈی میں رہنے والے لوگوںکا ہے .انہوں نے کہاکہ وہ اپنے قائد میاں محمد نوازشریف ، شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی بھر پور تائید سے وزیراعلی منتخب ہوئے ہیں او رشہبازشریف وزیر اعلی نہیں بلکہ آپ کا خادم اعلی ہے . انشاء اللہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے . انہوں نے کہاکہ گزشتہ آٹھ سال کے دوران ناظمین اور منتخب نمائندوں کے ساتھ جو زیادتیاں کی گئیں وہ ان کاازالہ کریں گے اور اب تمام فنڈزممبران اسمبلی ،ناظمین اور منتخب نمائندوں کے لیے وقف کر دیئے گئے ہیں اور یہ فنڈز پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندوں میں برابر تقسیم کیے جائیں گے . انہوںنے کہاکہ ماضی میں عوام کے خون پسینے کی کمائی کے عوض اربوں روپے لوٹے گئے،ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ فنڈز کا صحیح استعمال ہو تاکہ آنے والی نسلیں صدیوں تک دعائیں دیں . میاں محمد شہباز شریف نے کہاکہ میں نے آج کے دورے میں غازی خان میڈیکل کالج اور میٹھے اور صاف پانی کی فراہمی کے دومیگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا ہے . ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور میڈیکل کالج کیلئے جتنے بھی فنڈز درکار ہوں گے فراہم کیے جائیں گے . انہوںنے کہاکہ حکومت نے ڈیرہ غازیخان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 40کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے کا آغاز کیا ہے او رمیںنے ہدایت کی ہے کہ یہ منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے انہوںنے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ ڈیرہ غازیخان میں 70سال پرانے اور بوسیدہ پانی کے پائپ بچھے ہوئے ہیں جن میں سیوریج کا گندہ پانی شامل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں . انہوںنے کہاکہ مجھے اس بات پر بھی افسوس ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ کی حالت بہت خراب ہے اور حادثات اور دیگر ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ملتان او ر بہاولپور لے جانا پڑتا ہے . انہوںنے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں جدید سہولتوںسے آراستہ ٹراما سنٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا. وزیراعلی نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان پنجاب کا حصہ ہے اور سرداروں اورجنگجوؤں کاعلاقہ ہے لیکن بہت پسماندہ ہے یہاں تعلیم اور علاج معالجہ کے مواقع میسر نہیں اور سنگلاخ پہاڑوں پر رہنے والے دلیر جنگجوؤں کو ترقی کے مواقع حاصل نہیں . انہی وجوہات کی بناء پر وہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی دعوت پر وزیراعلی بننے کے بعد سب سے پہلے ڈیرہ غازیخان کے دورے پرآئے ہیں . انہوںنے کہاکہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مسلم لیگ کی شان ہیں اوراس بہادر سردار نے گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران جدوجہد کے ذریعے مسلم لیگ کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ پاکستان کی تاریخ کا حصہ ہیں . انہوں نے شریف خاندان کی جلاوطنی کے دوران مسلم لیگ کے علم کو بلند رکھا . وزیر اعلی پنجا ب نے چوٹی زیریں میں بوائز ڈگری کالج اور پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ ڈیرہ غازیخان کی خالی زمین پر خواتین کیلئے پارک قائم کرنے کا اعلان کیااورانتظامیہ کو حکم دیا کہ 48گھنٹے کے اندرقبضہ گروپوں سے جگہ کا قبضہ حاصل کر کے پارک کی تعمیر شروع کی جائے . انہوں نے کہاکہ دریائے سندھ کے کٹاو کو روکنے اور آبپاشی کے منصوبوںکیلئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے او راین ایچ اے کے تعاون سے ڈیرہ تا ملتان دو رویہ سڑک تعمیر کی جائے گی . میاں محمدشہباز شریف نے کہاکہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ شوریہ کینال پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے متعدد ٹیوب ویل لگائے گئے ہیں لیکن بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے وہ ٹیوب ویل چالو نہیں ہو سکے انہوںنے حکم دیاکہ ۴۸ گھنٹے کے اندر جنریٹر خرید کر یہ ٹیوب ویل چالو کیے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف پانی فراہم ہو سکے .

No comments: