چیف جسٹس کو کوئٹہ لے جانے والے لوگ ان کی جان کی حفاظت کریں ‘
اسلام آباد ۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ ) حمید گل نے کہاہے کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی زندگی کو سخت خطرہ ہے ۔ جمعرات کو یہاں اپنی فیملی کے ہمراہ معزول چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر اخباری نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معزول چیف جسٹس 31 مارچ کو کوئٹہ جا رہے ہیں اور جو لوگ ان کو وہاں لے کر جا رہے ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی جان کی حفاظت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ ہم چیف جسٹس کی جان کی حفاظت کریں ۔ انہوں نے میڈیا کے ارکان سے کہا کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ کوئی غیر قانونی چیز ان کی صفوں میں نہ آگھسے ۔ حمید گل نے کہا کہ میری عمر سیکیورٹی کے معاملات کو ہینڈل کرتے گزری ہے اور میں اپنے تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ افتخار محمد چوہدری کی زندگی کو خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نوزائیدہ بچے کی طرح دوبارہ پیدا ہو رہا ہے اوراس چھوٹے بچے کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہا ہے کہ معزول جج بحال نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے ملک اور اس کے لوگوں پر بڑے ظلم کئے ہیں اور نیوزویک کی رپورٹ کے مطابق اس نے امریکہ کو اجازت دے رکھی ہے کہ وہ پاکستان کی سرزمین پر حملہ کر سکتی ہے ۔
No comments:
Post a Comment