International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, March 27, 2008

قوم پرویز مشرف کو ایوان صدر سے باہر اور عدالت کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔قاضی حسین احمد








٭۔ ۔ ۔ جج بحال نہ ہوئے تو اے پی ڈی ایم ’’ گو مشرف گو‘‘ تحریک چلانے پر غور کرے گی، وکلاء کا ساتھ دیں گے
لاہور۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ قوم ججوں کو بحال اور پرویز مشرف کو ایوان صدر سے باہر اور عدالت کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔ اگر پرویز مشرف کا مواخذہ نہ کیا گیا اور جج بحال نہ ہوئے تو اے پی ڈی ایم ’’ گو مشرف گو‘‘ تحریک چلانے پر غور کرے گی جبکہ ججوں کی بحالی کیلئے وکلاء تحریک کا ساتھ دیا جائے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میاں نوازشریف ججوں کی عدم بحالی کی صورت میں تحریک کا حصہ بنیں گے۔ اپنے ایک بیان میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ پرویز مشرف کو عوام نے مسترد کردیا ہے لیکن ایوان صدر اب تک سازشوں میں مصروف ہے اور ججوں کی بحالی میںر کاوٹ بن رہا ہے جبکہ عوامی مینڈیٹ کے خلاف منصوبہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بش انتظامیہ بھی ججوں کی بحالی سے خوفزدہ ہے۔ امریکی وزارتی مشن جہاں پرویز مشرف کیلئے راستہ بنانے آیا ہے وہاں وہ ججوں کی عدم بحالی کیلئے بھی دباؤ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی غیر آئینی معزولی کے بعد لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور امریکہ کو خطرہ ہے کہ چیف جسٹس بحال ہونے کے بعد لاپتہ افراد کی بازیابی کا حکم دیں گے۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ پرویز مشرف نے 12اکتوبر 1999ء کو پارلیمنٹ کا قتل کیا، بار بار آئین پر شب خون مارا، غیر قانونی طور پر اعلی عدلیہ کو برخاست کیا۔ ان کے دور میں قبائلی علاقوں بلوچستان اور کراچی میں لوگوں کا قتل عام ہوا۔ جامعہ حفصہ کی معصوم بچیوں کو ظالمانہ طریقے سے شہید کیا گیا اور ڈالروں کے لالچ میں سینکڑوں پاکستانیوں کو امریکہ کے حولے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا دور کرپشن سے عبارت ہے اور قومی املاک کو اونے پونے داموں بیچا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی ساٹھ سالہ پالیسی تبدیل کرکے کشمیریوں کو بھارت کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا اور عوامی خواہشات کے برعکس افغانستان کی تباہی میں امریکہ کا ساتھ دیا۔ اس غلط پالیسی کی وجہ سے اب پاکستان آگ میں جل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے جرائم اس سے کہیں زیادہ ہیں اور مواخذے کیلئے کافی ہیں۔ قوم پرویز مشرف کو ایوان صدر سے باہر اور عدالت کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔ نئی پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عوامی خواہش کو جلد پورا کرے۔

No comments: