International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, March 31, 2008

ججز کی بحالی کیلئے ایگزیکٹو آرڈر کی بھی ضرورت نہیں رہی ۔مخدوم جاوید ہاشمی

گزشتہ 8 سالوں میں 12مئی سمیت دیگر واقعات کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن قائم کیا جائے گا
متحدہ قومی موومنٹ سے کوئی دشمنی نہیں ہے
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں طارق خان اور عبدالحفیظ کی رہائش گاہوں پر دو الگ الگ پروگرامات کے بعد صحافیوں سے بات چیت
کراچی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وائس چیئرمین اور پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ 12 مئی کا واقعہ بھلایا نہیں جاسکتا ۔ اس واقعے سمیت گزشتہ 8 سال میں کراچی کے حالات کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن قائم کیا جائے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ پارلیمنٹ میں حکمران سیاسی جماعتوں کی اکثریت ثابت ہونے کے بعد صدر کے 3 نومبر کے اقدامات اور نیشنل سیکیورٹی کونسل کالعدم ہوگئے ہیں جبکہ ججز کی بحالی کیلئے ایگزیکٹو آرڈر کی بھی ضرورت نہیں رہی۔ ججز بحال ہوگئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں طارق خان اور عبدالحفیظ کی رہائش گاہوں پر دو الگ الگ پروگرامات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر طارق خان، عبدالحفیظ ، سلیم ضیاء ، نہال ہاشمی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح -2B 58 کا خاتمہ اور ججز کی بحالی ہے ۔ صدر کے پاس اب دو تہائی اکثریت نہیں رہی ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب اداروں کے خاتمے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کسی بھی شخص کا اب احتساب نہیں ہوگابلکہ موجودہ عدالتوں میں احتساب کے مقدمات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ( ق) لیگ وقتی ارینجمنٹ تھی جو اب بکھر چکی ہے ۔ ان کے تمام ارکان سیاسی جماعتوںکے رابطے میں ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کیس ٹو کیس ایک ایک فرد کا فیصلہ کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 12مئی کا واقعہ خو ن کا سمندر تھا۔ جس سے نظریں چرا کر نہیں گزرا جاسکتا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ ہم طلبہ اور مزدور یونینز پر پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ طلبہ یونین ہی رہنما فراہم کرتی ہیں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کنکرنٹ لسٹ 1973ء کے آئین میں بنی جس پر اب نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

No comments: