٧سال کے دوران جدوجہد آزادی کو نا قابل تلافی نفصان پہنچایا گیا ، آپ ہماری آواز بنیں
حریت چیئرمین سید علی گیلانی کا آصف علی زرداری اور نواز شریف کے نام الگ الگ خط
اسلام آباد ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی پالیسیوں کی وجہ سے وقتی طور پر ہماری راہ میں بہت مشکلات آئی ہیں مگر ہم جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں ۔ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر پر دو ٹوک اور ٹھوس بات چیت کرے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن ) کے سربراہ میاں نواز شریف کے نام الگ الگ خطوط میں علی گیلانی نے لکھا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام ایک بد ترین دور سے گزر رہے ہیں ۔ بھارت اپنا غاصبانہ تسلط برقرار رکھنے کے لئے گزشتہ اٹھارہ برسوں میں ایک لاکھ انسانوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ چکا ہے ۔ یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ میں اس مرحلے پر آپ کو صرف یہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے عوام بھی پاکستان کا حصہ ہیں ۔ یہ لوگ ساٹھ برسوں سے اپنا سب کچھ لٹا کر پاکستان سے اپنی عقیدت کا ثبوت فراہم کرہے ہیں ۔ پاکستان سے ہمارا کلمے کا رشتہ ہے جسے کوئی کاٹ نہیں سکتا ۔ یہی بات ہے کہ جب پاکستان کسی مشکل کا شکار ہو تا ہے تو ہم خون کے آنسو روتے ہیں اور جب خوشی کا کوئی لمحہ آتا ہے تو حوصلے بڑھ جاتے ہیں ۔ آپ جانتے ہیں کہ کبھی ہمیں یہ طعنہ دیا جاتا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام خود نہیں اٹھتے۔ افسوس کہ اب جب ہم اٹھ چکے ہیں تو حکمران امریکی خوشنودی ، بھارتی دوستی اور مادی منفعت کی وجہ سے ساٹھ برس کے اصولی موقف کو پس پشت ڈال بیٹھے ۔ یہ ایک تاریخی المیہ ہے کہ گزشتہ سات برسوں میں جس قدر ہماری جدوجہد کو نقصان پہنچا اس کی مثال پوری تاریخ میں نہیں ملتی ۔ ستم بالائے ستم یہ کہ ہمیں حق بات کہنے کی بھی اجازت نہیں ۔ جب ہم گلہ کرتے ہیں تو ان کی طبع نازک پر گراں گزرتا ہے ۔ پاکستان سے محبت اور عقیدت کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ جس بات کو ہم درست سمجھتے ہیں جس موقف پر پوری قوم کا اتفاق رائے ہو ہم اسے ترک کر کے چند سیاست دانوں اور حکمرانوں کی خوشنودی کی خاطر ہاں میں ہاں ملاتے رہیں ۔جموں و کشمیر پاکستان کا جزو لاینفک ہے یہ تحریک پاکستان کا نامکمل ایجنڈا اور پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے ۔ جس میں ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے ۔ یہ بات ہم بھارتی ٹینکوں کے سامنے اذیت کدوں اور اسمبلی کے ایوانوں میں بھی کہتے رہے ہیں ۔ جبر ، ظلم ، تشدد ، جیلیں ، اذیت کدے اور حکمرانوں کی ناراضی ہمیں کبھی بھی اس موقف سے ہٹا نہیں سکتی۔ ہم اللہ کی عنایت سے ہر نئے دن نئے عزم کے ساتھ قدم بڑھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجود ہ سنگین حالات سے ہمار ے دل زخمی اور جگر پارہ پارہ ہیں ۔ پاکستان کی سلامتی ، بقاء اور استحکام ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ محبوب ہے ۔ آپ ایک بار پھر منظر پر آئے ہیں تو ہماری پھر سے توقعات وابستہ ہوئی ہیں ۔ گزشتہ قومی اسمبلی کو ہم بغور دیکھتے رہے ہمارے مسئلے (جو کہ آپ کی اپنی شہ رگ کا مسئلہ ہے ) پر اس اسمبلی اور کشمیر کمیٹی نے کیا کیا ؟ آپ سب جانتے ہیں ۔ یہ اسمبلیاں یہ ایوان عوام کے جذبوں امنگوں ، خواہشات اور آئین کی پاسداری کے لئے ہوتے ہیں ۔ میں آ پ کو اپنے تجربے کی روشنی میں بتانا چاہتا ہوں کہ جب اسمبلیاں اور ایوان عوام کے جذبات کی قدر نہیں کرتے اس وقت ان کا حشر وہی ہوتا ہے جو مقبو ضہ جموں و کشمیر میں ہوا ۔ علی گیلانی نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کے خلاف نہیں ۔ ہم خون خرابے کے حق میں بھی نہیں لیکن بھارت کی پوری تاریخ کہہ مکرنیوں اور وعدہ شکنیوں کی تاریخ ہے ۔ یہ وہ لاتوں کے بھوت ہیں جو باتوں سے نہیں مانتے ۔ ہم اس کے رویے سے خوب آگاہ ہیں ۔ اس نے پاکستان کے حکمرانوں کو انگلیوں پر نچانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور ان کو بری طرح استعمال ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسیوں کی وجہ سے وقتی طور پر ہماری راہ میں بہت مشکلات آئی ہیں لیکن یہ اس جدوجہد کا حصہ ہے ۔ ہم ہر حال میں ہر مشکل کا سامنا کریں گے ۔ اس خطے میں ایک عظیم پاکستان کا خواب پورا ہوتا ہے جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننا ہے ہماری آزادی کی تحریک زندہ رہے گی مجھے صرف یہ کہنا ہے کہ آپ بھی ہماری آواز بن جائیں ۔ ایوانوں میں اور ایوانوں سے باہر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ بن جائیے ۔ انہوں نے میاں نواز شریف کے بارے میں کہا ہے کہ انہوںنے جس جرات اور دلیری کے ساتھ ایٹمی دھماکے کیے اس پر ہمیں فخر ہے
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment