٭۔ ۔ ۔ بش انتظامیہ ججوں کی بحالی رکوانے کیلئے سرگرم ہے، کیونکہ جج بحال ہو کر لاپتہ افراد کے بارے میں پوچھیں گے
٭۔ ۔ ۔ اعلان مری کے مطابق قومی اسمبلی کے اگلے اجلاس میں ججوں کی بحالی کی قرار داد پاس کی جائے
٭۔ ۔ ۔ کرپشن اور خیانت کے خاتمے اور قومی دولت کی بیرون ملک منتقلی روکنے کے لیے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں
لاہور ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہاکہ امریکہ نے پاکستان کو عقوبت خانہ بنا رکھاہے ۔ بش انتظامیہ ججوں کی بحالی رکوانے کے لیے سرگرم ہے ۔اسے خطرہ ہے کہ جج بحال ہو کر لاپتہ افراد کے بارے میں پوچھیں گے ۔ پاکستان میں امریکیوں کو من مانی کی اجازت نہیں ملے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ خطرے میں پڑ جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بنیادی حقوق اور جمہوری آزادیوں کی پامالی اب بند ہونی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز قرطبہ میں پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی کے ضلعی امرا ، ضلعی شوراؤں اور مقامی ذمہ داران کی سہ روزہ تربیتی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان اور سابق ایم این اے ڈاکٹر عطاء الرحمن نے بھی شرکاء سے خطاب کیا ۔ قاضی حسین احمد نے کہاکہ وزیراعظم سے عوام کو امید تھی کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پیسے جانے والے عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے کوئی واضح پروگرام کا اعلان کریں گے لیکن اس حوالے سے لوگوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملک کا زیادہ تر حصہ تاریکی میں ڈوبا رہتاہے جس سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں ۔ مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں اور ہزاروں خاندانوں کی فاقہ کشی کا خطرہ سروں پر منڈلا رہاہے ۔ بے روزگاری نے پہلے ہی عوام کا کچومر نکال دیا ہے بجلی کے بحران سے ملک میں اشیائے صرف کے قحط اور شدید مہنگائی کا بھی خطرہ پیدا ہو گیاہے ۔ حکومت کو بجلی پیدا کرنے کے لیے ترجیحی اور ہنگامی بنیادوں پر پاور پلانٹ لگانے کے لیے کمپنیوں سے معاہدے کرنے چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ملک میں امن و امان کا قیام ضروری ہے اس کے بغیر ملک میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور خیانت کے خاتمے اور قومی دولت کی بیرون ملک منتقلی روکنے کے لیے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس خلیل الرحمن رمدے کے گھر کے تالے توڑ کر ان کا سامان باہرپھینکا جانا وزیر اعظم کے لیے کھلا چیلنج ہے ۔ وزیراعظم اور نئی حکومت کا امتحان ہے کہ منہ زور ایجنسیوں اور اسٹیبلشمنٹ کو کیسے لگا م دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ قابل احترام ججز کے ساتھ یہ سلوک نئی حکومت کے خلاف سازش ہے۔ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ پرویز مشرف کو ایوان صدر میں دیکھنے اور ججوں کی بحالی رکوانے کی خواہش مند قوتوں نے ہتھیار نہیں ڈالے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چیف جسٹس سمیت تمام ججوں کی بحالی کے حوالے سے ابہام کو فوری طور پر دور کرنا چاہیے اور اس کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے بعد ضروری ہو گیاہے کہ اعلان مری کے مطابق قومی اسمبلی کے اگلے اجلاس میں ججوں کی بحالی کی قرار داد پاس کی جائے ۔ قاضی حسین احمد نے اس موقع پر جسٹس خلیل الرحمن رمدے کے گھر کے واقعہ کے خلاف پیر کو وکلا کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment