تمام قومی ایشوز کو عوام کے جذبات احساسات کے مطابق حل کیا جائے گا
قومی سیاسی مفاہمت کی کوششوں میں مزید پیش رفت کی جائے گی
وزیر اعظم کا حکمران اتحاد کی ججز کی بحالی کے بارے میں قائم کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں اظہار خیال
اسلام آباد ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ حکومت تمام قومی ایشوز کو اتفاق رائے سے حل کرے گی ۔ مشترکہ جمہوری ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ججوں کی بحالی کے حوالے سے حکمران اتحاد کی دونوں بڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائم کی گئی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں کیا۔ کمیٹی کے ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جو نصف گھنٹے تک جاری رہی ۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ حکومت ملک میں قومی سیاسی مفاہمت کے لیے کوشاں ہے ۔ تمام ایشوز کو عوام کے جذبات احساسات کے مطابق حل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کمیٹی کے ارکان کو یقین دہانی کرائی ۔ ججز کی بحالی کے حوالے سے طے شدہ امور پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا ۔کمیٹی کے ارکان کی وزیر اعظم سے اس ملاقات میں ججز کی بحالی کے معاملے پر کمیٹی میں ہونے والی پیشرفت سے انہیں آگاہ کیا گیا ۔ ملاقات کے حوالے سے سینئر وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ مشاورت کا سلسلہ ابھی چل رہاہے اور وزیر اعظم سے کمیٹی کے ارکان کی ملاقات بھی اسی مشاورت کا حصہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ دونوں جماعتیں اعلان مری کے مطابق ججز کی بحالی کے مسئلے کے حل پر اتفاق رکھتیں ہیں انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے حکمران اتحاد قوم کو مایوس نہیں کرے گا۔
No comments:
Post a Comment