International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, April 25, 2008

مردان سٹی پولیس سٹیشن کے قریب کار بم دھماکہ ‘ پولیس افسر سمیت ٤ افراد جاں بحق ‘ ٣٥ سے زائد زخمی

جاں بحق ہونے والوں میں کمسن بچہ بھی شامل ہے ‘ زخمیوں میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی ہے ‘ 3 کی حالت تشویشناک ہے
مردان ۔ مردان کے سٹی پولیس سٹیشن کے قریب کار بم دھماکے میں ایک پولیس افسر سمیت 4 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں تین کی حالت نازک ہے پولیس حکام کے مطابق بم سٹی پولیس سٹیشن کی دیوار کے ساتھ کھڑی کار میں نصب کیا گیا تھا جو جمعہ کی صبح چھ بجے زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ اے ایس آئی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں اے ایس آئی فرخ سعید قریبی ہوٹل کامالک شیر محمد کمسن بچہ سبحان اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سب انسپکٹر نوشاد ‘ سب انسپکٹر ‘ عزیز گل ‘ سب انسپکٹر شمس الرحمان ‘ سب انسپکٹر نور علی ‘ کانسٹیبل لال نواز ‘ کانسٹیبل نگار ‘ محمد کریم جمشید ‘ ہدایت خان ‘ نور رحمان ‘ محمد ابراہیم ‘ جہاں زیب خان ‘ سعدین سعید اور مسافر گل شامل ہیں ۔ زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک ہے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مردان اور پشاور منتقل کیا گیا اور دھماکے سے پولیس سٹیشن کی عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ قریبی مارکیٹ کی متعدد دکانیں بھی تباہ ہو گئیں ۔ تاحال کسی تنظیم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ واضح رہے کہ صوبہ سرحد کے دوسرے بڑے شہر مردان میں اس سے پہلے بھی کئی بار پولیس تھانوں اور اہلکاروں پر متعدد مرتبہ حملے ہو چکے ہیں جس میں کچھ واقعات کی ذمہ داری مقامی طالبان قبول بھی کر چکے ہیں ۔ تاہم حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب تحریک طالبان کے سربراہ بیت اللہ محسود نے ایک روز قبل اپنے ساتھیوں کو پاکستان میں تمام حملے بند کرنے کی ہدایت کی تھی ۔۔۔۔مزید تفصیل۔۔۔۔
وزیراعلیٰ کے آبائی شہر مردان میں تھانے کے متصل بم دھماکہ،تین ہلاک،بائیس زخمی ہو گئے
دھماکہ خیز مواد موٹر کار میں رکھا گیا تھاجو زور دھماکے سے پھٹ گیا،دکانوں او ر عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں
بعض زخمیوں کو پشاور پہنچا دیاگیا،بعض کی حالت نازک ،پچاس کلو وزنی دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا تھا،ڈی آئی جی
صوبہ سرحد کے وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی آبائی شہرمردان میں خوفناک دھماکے سے تین افراد کو ہلاک اور سولہ پولیس اہلکاروں سمیت بائیس کو زخمی کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی بکٹ گنج مردان کے متصل پچاس کلو گرام دھماکہ خیز مواد موٹر کار میں رکھ کر اس کو دھماکے سے اڑا دیاگیا جس کی وجہ سے تھانے کا ایک کمرہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا آس پاس کی دکانوں اور عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں ۔دھماکے سے اے ایس آئی فرخ سعید ،ایک شہری شیر محمد اور سڑک کے کنارے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا ۔جمعے کی صبح چھ بجے نامعلوم افراد موٹر کار کھڑی کر کے اس میں پچاس کلو گرام دھماکہ خیز مواد رکھ کر غائب ہو گئے ۔اس دھماکہ خیز مواد کو دھماکے سے اڑا دیاگیا ۔جس کی وجہ سے تین افراد موقع پر ابدی نیند سو گئے جبکہ سولہ پولیس اہلکاروں سمیت بائیس افراد زخمی ہو گئے ان میں سے متعدد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور اور بعض کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان پہنچا دیاگیا ۔ان میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ڈی آئی جی مردان ڈویژن سید اختر حسین شاہ اور ایس ایس پی مردان طاہر خان کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر کار میں رکھاگیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔پولیس نے سٹی تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔تحریک طالبان پاکستان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی اور اعلان کیا کہ ہم نے اپنے کمانڈر حافظ سعید الحق کا بدلہ لے لیا ہے ۔

No comments: