International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Sunday, June 22, 2008

پیپلز پارٹی عوامی جمہوری پارٹی ہے یہ اس وقت تک قائم رہے گی جب تک بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس کو چلایاجائے گا۔ناہید خان





اسلام آباد ۔ پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی عوامی جمہوری پارٹی ہے یہ اس وقت تک قائم رہے گی جب تک بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس کو چلایاجائے گا اس کو اسٹیبلشمنٹ کی پارٹی بنانے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ۔حکومت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ فوری طور پر محترمہ شہید کے قتل کی تحقیقات کروائیں۔ کارکنوں کا یہ نعرہ ہے کہ وہ بی بی کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو بہت نرم دل اور سادہ خاتون تھیں۔وہ ہر کسی کی مشکل اور مصیبت پر تڑپ جایاکرتی تھیں انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت اپنے بچوں کیلئے پریشان رہتی تھیں ۔بے نظیر کے بارے میں جو بھی باتیں میرے پاس ہیں وہ جلد عوام کے سامنے کتاب کی صورت میں لاؤں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محترمہ کے ساتھ زندگی کے عجیب وغریب اور تکلیف دہ لمحات دیکھے ہیں جس میں ہمیشہ انہیں صبر کرنے والی خاتون پایاہے انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے مطابق میں اُن کے دایاں طرف بیٹھی تھی ان کی شہادت پر مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ شہید ہو گئیں ہیں اللہ تعالیٰ کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ بے نظیر کے قاتلوں کو ہماری زندگی میں بے نقاب کرے تاکہ ہمیں پتہ چلے کہ اُن کے مقاصد کیا تھے ۔ انہوں نے کہاکہ میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی جنگ ہر سطح پر لڑوں گی یہ میرا اُن سے وعدہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کا پوسٹ مارٹم کروانا یانہ کروانا ان کی فیملی کافیصلہ تھا میں اس وقت ہوش وحواس میں نہ تھی ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی پارٹی ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی۔ بے نظیر نے تیس سال تک پارٹی کو متحد رکھا اور اگراب بھی پارٹی کو متحرمہ شہید کے نقش قدم پر چلایا جائے تو یہ متحد اور باقی رہے گی پیپلز پارٹی کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کی پارٹی نہیں رہی بلکہ یہ عوامی پارٹی ہے جو کوئی بھی اس کو اسٹیبلشمنٹ کی پارٹی بنانے کی کوشش کرے گا اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے کارکن ہی اس کو قائم ودائم رکھ سکتے ہیں اورمیں پارٹی لیڈر شپ سے اُمید کرتی ہوں کہ وہ کارکنوں کی قدر کریں گے انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر ہمیں پہلے دن ہی صدر پرویز مشرف سے یہ مطالبہ کرنا چاہیے تھا کہ وہ اقتدار چھوڑ دیں اور جن لوگوں کو بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں اپنے قاتل نامزد کیاتھا ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیں انہوں نے کہاکہ بہت سی ایسی چیزیں ہیںجن کی تحقیقات ہم پاکستان میں ہی کروا سکتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کی تحقیقات کروائے انہوں نے کہاکہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ قاتلوں کو بے نقاب کریں حکومت سے میرا مطالبہ ہے کہ وہ محترمہ شہید کے قتل کی تحقیقات کروائے ۔ کارکنوں کا یہ نعرہ ہے کہ ہم بی بی شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے ۔اپنے انٹرویو کے دوران ناہید خان کی آنکھیں غم سے نم دیدہ ہو گئیں اور رو پڑیں ۔

No comments: