International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, April 4, 2008

مزار قائد پر قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلاؤں گا۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی



کراچی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مزار قائد پر قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار بہت خاص ہے وہ ہماری غلطیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہر حکومتی شعبے میں خودکار احتساب ممکن ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار قائد پر صحافیوںسے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی جمعہ کو صبح اسلام آباد سے کراچی ائیرپورٹ جناح ٹرمینل پہنچے جہاںگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) عبدالقادر ہالیپوتہ اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔دریں اثناء وزیراعظم گورنر ہاؤس پہنچے جہاں سے وہ گورنر سندھ کے ہمراہ کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پہنچے اور فاتحہ خوانی کی ۔انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے جبکہ مزار پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی آنے کا مقصد قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے اور ہمیں اپنے قائد پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے منشور پر چل کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیں قانون اور تنظیم کا درس دیا جس کے اطلاق سے ہم ایک منظم قوم بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 29ویںبرسی ہے ہمیں قائد اعظم نے ملک دیا اور قائد عوام نے متفقہ آئین دیا۔میں مزار قائد پر قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار بہت خاص ہے وہ ہماری غلطیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہر حکومتی شعبے میں خودکار احتساب ممکن ہوسکے۔انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ میں ضرور اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے اپنے پروگرام کے حوالے سے کہا کہ کراچی سے لاڑکانہ روانہ جاؤں گا جہاں بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری دوں گا جنہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔انہوں نے سندھ کابینہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد ہی اس کے نتائج آجائیںگے۔انہوں نے صحافیوں کے مزید جوابات سے انکار کرتے ہوئے خوشگوار موڈ میںکہا کہ یہاں ٹریفک رک گیا ہے اور مزید سوالوں کے جواب دئے تو عوام گالیاں دیں گے۔

No comments: