وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور احتجاجی مظاہرے کئےلاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرہ کیا گیا
اسلام آباد+ لاہور+ کراچی+ کوئٹہ+ ملتان ۔ عدلیہ کی آزادی اور ججز کی بحالی کے لئے ملک گیر احتجاج جاری ہے وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور احتجاجی مظاہرے کئے۔ ججز کی بحالی کے لئے پنجاب کے مختلف شہروں میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ریلی سے پہلے احتجاجی اجلاس میں لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر منظور قادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالات سے اندازہ ہو رہا ہے کہ پرویز مشرف سے پہلے آصف علی زرداری اور نواز شریف کو رخصت ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ انہیں دوبارہ عوام کی عدالت میں آنا ہے۔ اجلاس کے بعد وکلاء مال روڈ پر آگئے۔ جہاں ہائی کورٹ بار کے وکلاء مسلم لیگ ن تحریک انصاف خاکسار تحریک اور جماعت اسلامی کے کارکن بھی ریلی میں شامل ہو گئے۔ مظاہرین ججز کی بحالی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچے اور احتجاج کے بعد پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔ وکلاء نے بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگائے۔ کراچی میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ بار سے وکلاء کی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمود الحسن اور جنرل سیکریٹری نعیم قریشی کر رہے تھے ریلی کے شرکاء نے ججز کی بحالی کے حق میں اور آصف علی زرداری اور چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاج کے بعد پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی اور حکومت سے ججوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ اندرون سندھ کے کئی شہروں میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ جسٹس عبدالحمید ڈوگر کا استقبال کرنے پر دادو ڈسٹرکٹ بار کے لئے ملتان کی خواتین وکلاء کی جانب سے چوڑیوں اور دوپٹوں کا تحفہ بھیجوایا گیا۔ تخت بھائی میں وکلاء نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقررین نے پی پی کے قائدین اور حکومت سے ججوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ پشاور سمیت صوبہ سرحد میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور ججوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment