International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, July 18, 2008

پیپلز پارٹی نے اعلان مری کے تحت معزول ججوں کی بحالی کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔تہمینہ دولتانہ

لاہور ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے معزول ججوں کو بحال کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا، مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے اصولی بنیادوں پر اتحاد کیا تھا اور اس اعلان مری پر عملدرآمد نہ ہونے پر اصولی طور پر وفاقی کابینہ سے باہر آگئی ہے لیکن اب عوام مزید انتظار نہیں چاہتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے زیر اہتمام مادر ملت فاطمہ جناح کی برسی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بیگم تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ عوام نے 18 فروری کو جو مینڈیٹ دیا اس کا احترام نہیں ہو سکتا کیونکہ جنرل (ر) پرویز مشرف آج بھی ایوان صدر میں موجود ہیں اور جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 18 فروری کے الیکشن میں عوام نے مشرف اور اس کے حواریوں کو بری طرح مسترد کر دیا۔ الیکشن کے بعد میاں نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد ملک میں جمہوریت کے فروغ ، معزول ججوں کی بحالی اور صدر کے مواخذہ کی شرائط پر کیا تھا جس کے بعد دونوں بڑی جماعتوں کے سربراہان نے اعلان مری کے تحت معزول ججوں کو ایک ماہ کے اندر بحال کرنے کا قوم سے وعدہ کیا لیکن ہماری اتحادی جماعت یہ وعدہ پورا نہیں کر سکی اور مشرف اب بھی ایوان صدر میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ان بنیادی مسائل کو حل نہ کرنے کے باعث قوم پریشان ہے اور ملک میں مہنگائی کے طوفان کے ساتھ ساتھ قبائل اور صوبہ سرحد میں امن و امان کی صورتحال بھی انتہائی مخدوش ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مادر ملت کے پاکستان میں انصاف کا بول بالا اور امن چاہتے ہیں جس کے لئے تمام حکومتی اتحادیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے انتحابات سے قبل اپنے امیدواران سے حلف لیا تھا کہ منتخب ہونے کے بعد ان کی اولین ترجیح معزول ججوں کی بحالی ہو گی جب یہ وعدہ پورا نہ ہو تو مسلم لیگ ن کے وزراء نے فوری طور پر وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر لی اور ہم اس مقصد کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے سربراہان نے قوممعزول ججوں کو ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا مسلم لیگ ن کے قریب آج بھی معزول ججوں کی بحالی آئینی پیکیج کے ذریعے نہیں بلکہ قومی اسمبلی میں قرار داد اور ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے مسلم لیگ ن قبائلی علاقوں میں اپریشن کی حامی نہیں ہے جبکہ ایک اتحادی کے طور پر قبائل میں اپریشن سے قبل مسلم لیگ ن کو اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا ۔ مسلم لیگ ن ایک بڑی جماعت ہے لیکن پیپلز پارٹی اس کی حیثیت کو پس پشت ڈالتے ہوئے تمام فیصلے تنہا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں اور میاں نواز شریف آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں مسلم لیگ ن عوام سے کئے ہوئے اس وعدہ کو ہر صورت پورا کرے گی ۔ ا موقع پر انہوں نے تحریک پاکستان میں مادر ملت فاطمہ جناح کے کردار پرانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا

No comments: