International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, April 7, 2008

امریکی سرپرستی میں پرویز مشرف اتحاد بنانے کی کوششیں ہور ہی ہیں ۔قاضی حسین احمد


ا
٭۔ ۔ ۔ نواز شریف کو سائیڈ لائن کیا گیا اور جج بحال نہ ہوئے تو حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گی اور جمہوری قوتوں کے ایک ساتھ چل کر تمام چیلنجزکا مقابلہ کرنے کا خواب ادھورا رہے گا
٭۔ ۔ ۔ انصار برنی کے کردار کا جائزہ لینا چاہئے ۔ پہلے انہوں نے نگران وفاقی وزیر کی حیثیت کا غلط فائدہ اٹھایا بھارتی جاسوس اور قوم کے مجرم کشمیر سنگھ کو رہا کروایا اور بدلے میں خالد محمود کی لاش ملی ، اب سربجیت سنگھ کی بے گناہی کے ثبوت اکٹھے کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں۔۔ قاضی حسین احمد کا فاٹا کے ذمہ داران ، عہدیداران اور شوراؤں کے سہ روزہ تربیت گاہ کے افتتاحی سیشن سے خطاب

لاہور ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہاہے کہ امریکی سرپرستی میں پرویز مشرف اتحاد بنانے کی کوششیں ہور ہی ہیں ۔ نواز شریف کو سائیڈ لائن کیا گیا اور جج بحال نہ ہوئے تو حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گی اور جمہوری قوتوں کے ایک ساتھ چل کر تمام چیلنجزکا مقابلہ کرنے کا خواب ادھورا رہے گا ۔ ایف سی آر کے خاتمے کی حمایت کرنے میں متبادل کے طور پر وہاں شریعت نافذ کی جائے ۔ انصار برنی کے کردار کا جائزہ لینا چاہیے وہ سربجیت سنگھ کی رہائی کے بدلے قوم کو ایک اور لاش کا تحفہ دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بات فاٹا کے ذمہ داران اور خیبر ،کرم ، مہمند باجوڑ اور دیگر قبائلی ایجنسیوں کے عہدے داران اور شوراؤں کے ممبران کی سہ روزہ تربیت گاہ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔نائب امیر جماعت اسلامی سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم خان اور سابق ایم این ایز مولانا عبدالمالک ، صاحبزادہ ہارون الرشید اور ڈاکٹر عطاء الرحمن نے بھی شرکاء سے خطاب کیاقاضی حسین احمد نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وکالت کر رہی ہے اور اس جنگ کے نئے نئے ترجمان سامنے آ رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے پرویز مشرف کو قومی اثاثہ قرار دیا جارہاہے اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے فضا سازگار بنائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ قوم کے ساتھ مذاق اور عوامی مینڈیٹ کے برعکس رویہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی مفاہمت کے نام پر کرپشن کے اربوں روپے معاف کرائے جارہے ہیں اور قاتلوں کے گروہ کو اپنے ساتھ ملا یا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران اتحاد پرویز مشرف اور امریکہ مخالف ووٹ لے کر بر سر اقتدار آیاہے اور عوام نے ججوں کی بحالی کے لیے اسے مینڈیٹ دیا ہے اگر پرویز مشرف موجود رہے اور ملک میں امریکی پالیسیاں جاری رہیں تو قوم اسے برداشت نہیں کرے گی اور یہ حکومت بھی پرویز مشرف کی طرح عوامی نفرت کا نشانہ بن جائے گی ۔ قاضی حسین احمد نے کہاکہ ہم ایف سی آر کے خاتمے کی حمایت اور اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اس کے متبادل کے طور پر قبائلی عوام کی خواہش کے مطابق شریعت نافذ کی جائے اور اس حوالے سے قبائلی رہنماؤں اور علمائے کرام کو مکمل اعتماد میں لیا جائے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ نئی حکومت قبائلی علاقوں کو میدان جنگ بنانے کی پالیسی سے رجوع کرے گی اور اپنے لوگوں کے خلاف امریکی مفادات کی جنگ سے باز رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اتحادی نئی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے اسامہ اور القاعدہ کے قبائلی علاقوں میں ہونے کے شوشے چھوڑ رہے ہیں ۔ امریکہ قبائلی علاقوں میں مداخلت اور براہ راست کاروائی کا بہانہ ڈھونڈرہاہے اس پر حکومت او رقوم کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ قاضی حسین احمد نے کہاکہ انصار برنی کے کردار کا جائزہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے پہلے نگران وفاقی وزیر کی حیثیت کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی جاسوس اور قوم کے مجرم کشمیر سنگھ کو رہا کروایا اور اس کے بدلے میں خالد محمود کی لاش ملی ۔ اب سربجیت سنگھ کی بے گناہی کے ثبوت اکٹھے کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں ۔ پاکستانی قوم اب کس کی لاش کا انتظار کرے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتیوں کی راہوں میں آنکھیں بچھانے والے قوم کے جذبات کا مذاق اڑا رہے ہیں اور اس پر نئی حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے ۔

No comments: