International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, April 17, 2008

اب جو بھی ہو گا آئین اور قانون کے مطابق ہو گا ،اعلان مری پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو گا ، یوسف رضا گیلانی



ڈرانے دھمکانے والی سیاست میں ملوث نہیں پر امن لوگ ہیں ، عوام بھی پر امن رہیں ، لاہور اور رائے ونڈ میں بات چیت
معزول چیف جسٹس سمیت تمام ججز اعلان مری کے مطابق بحال ہوں گے ، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بات چیت

لاہور ۔ وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ اعلان مری پر اسکی روح کے مطابق عمل کیاجائے گا۔ صدر کے مواخذے کی بات ہو یا ججز کے رہنے یا نہ رہنے کا مسئلہ ،پاکستان میں اب جو کچھ ہو گا آئین اور قانون کے مطابق ہو گا ۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے آج بدھ کے روز لاہور میں ایس سی سی آئی کانفرنس کے بعد اور رائے ونڈ میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ججز کی رہائی کا حکم کھڑے کھڑے نہیں کیا بلکہ پارلیمنٹ کے فیصلے کے مطابق کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ججز کی بحالی کے حوالے سے جمہوری اور پارلیمانی طریقہ کار موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں فرد واحد جو کہتا تھا ، وہ آئین اور قانون بن جاتا تھا اور اس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری ہو جاتا تھا لیکن اب پاکستان ایک جمہوری ملک بن چکا ہے اور جس کے تمام فیصلے پارلیمنٹ میں آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے ۔رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہاہے ۔عوام اپنے اندر اتحاد پیدا کریں عوام پر امن رہیں ۔ہم پر امن عوام کے ذریعے اس ملک میں حالات بہتر کریں گے ۔یقیناً ملک میں امن ہو گا تو معاشی ترقی بھی ہو گی اس لیے ہم پورے ملک کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں ۔ گندم کا بحران ، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی ہمیں ورثے میں ملی ہے ۔کراچی میں آپریشن کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم ڈرانے دھمکانے والی سیاست میں ملوث نہیں ہیں ہم پرامن لوگ ہیں ہم پر امن طور پر مسائل حل کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اعلان مری پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر میاں نواز شریف بھی موجود تھے تاہم انہوں نے اخبار نویسوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ قبل ازیں لاہور میں ایس سی سی آئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سارک کے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہاہے ۔ سارک ممالک پر امن اور ترقی پسند ہونا چاہیے۔ ہم ان مقاصد کے حصول کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔ 21 ویں صدی چیلنجز سے بھرپور ہے ہمیں اپنی طاقت اور کمزوری کو مد نظر رکھ کر حکمت عملی وضع کرنا ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ سارک ممالک نے آزادانہ تجارت کامعاہدہ کر رکھا ہے ۔ ہم تمام ممالک سارک کے مقاصد پورے کرنے کے لیے کمٹڈ ہیں ۔پاکستان نے سارک کی بزنس کمیونٹی کو قیادت فراہم کی ہے یہ ایک چیلنج بھی ہے مجھے یقین ہے اس چیلنج سے عہدہ براء ہوں گے ۔ہم لمبے راستے پر چل رہے ہیں ۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بدھ کے روز لاہور میں دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے چھلانگ لگانے والی خاتون کے ہاں بھی گئے انہوں نے مذکورہ خاتون کی بچیوں کی شادی ، مالی امداد اور رہائشی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔دریں اثناء سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ جب تک ملک میں امن قائم نہیں ہوتا ترقی کیسے ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ( ن ) کے درمیان ججز کی بحالی پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے معزول چیف جسٹس سمیت تمام ججز اعلان مری کے مطابق بحال ہوں گے ۔

No comments: