امریکہ اپنے صدارتی انتخابات کے حوالے سے پرویز مشرف کو نومبر تک صدر کے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتا ہے
وکلاء تحریک کا میابی کے قریب ہے ۔ کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،
اسلام آباد ۔ وکلاء تحریک کے ممتاز رہنما جسٹس (ر ) وجیہہ الدین نے واضح کیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مدت ملازمت میں کمی کی کوشش کی گئی تو اس کی زبردست مزاحمت کی جائے گی ۔ امریکہ اپنے صدارتی انتخابات کے حوالے سے پرویز مشرف کو نومبر تک صدر کے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتا ہے ۔ ری پبلکن کو خوف ہے کہ پرویز مشرف نکال دئیے گئے تو کانگریس اور صدارتی انتخابات ہار جائے گی ۔ وکلاء تحریک کا میابی کے قریب ہے ۔ کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد بار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اسلام آباد سے سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور اسلام آباد بار کے صدر ہارون رشید نے بھی خطاب کیا ۔ جسٹس (ر ) وجیہہ الدین نے وکلاء سے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کے لئے شروع کی گئی تحریک نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی اور اب وہ وقت دور نہیں جب تمام ججز بحال ہوں گے اور ملک میں انصاف کا بول بالا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں وکلاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بہت سے مصائب اور مالی مشکلات کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھا اور اب ان کی جدوجہد رنگ لانے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہمیشہ وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو اپنے عزم پر قائم رہتی ہیں اور اتنے مصائب و الا م کے باوجود ان کے عزم و حوصلے میں ذرا برابر لغزش نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی تحریک دنیا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی مستند جدوجہد ہے ۔ یوم شہداء کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے طاہر پلازہ کراچی کا دورہ کیا جو کچھ دیکھا زبان سے بیان کرنا نا ممکن ہے ۔ طاہر پلازہ میں جو ظلم و تشدد ہوا ہے بیان نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے اس واقعہ کو درندگی کی بہت بڑی علامت قرار دیا اور کہا کہ وکلاء کو زندہ جلا دیا گیا ۔ اس قسم کے تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔تحریک پوری دنیا میں درست قرار دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب باتیں ہو رہی ہیں کہ آئینی ترمیم کے ذریعہ افتخار چوہدری سپریم کورٹ ،صبح الدین ہائی کورٹ ،طارق پرویز پشاور ہائی کورٹ سے یک لخت فارغ ہو جائیں مگر ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم کسی صورت چیف جسٹس صاحبان کی مدت میں کمی نہیں ہونے دیں گے اور ایسی ترمیم پاکستان میں کسی کے لئے قابل قبول نہیں ہو گی ۔ اب یہ بھی باتیں سامنے آرہی ہیں کہ فلک شیر کو چیف جسٹس بنا دیا جائے ۔ وجیہہ الدین نے کہا کہ یہ انتہائی گھٹیا حرکت ہے یہ غیر آئینی غیر قانونی ہے ہمیں یقین واثق ہے کہ خود شیر فلک بھی ایسی کسی آفر کو قبول نہیں کریں گے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا ۔ جسٹس (ر ) وجیہہ الدین نے کہا کہ پہلی تو بات ہے کہ ایسا ہو گا نہیں اگر ہو گا تو ہم بہرحال موجود ہیں اور بھر پور مزاحمت کریں گے اور عالمی سطح پر بھی اسے تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں نومبر کو صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں اگر اس وقت پرویز مشرف کو نکال دیا جاتا ہے تو اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ری پبلکن پارٹی کانگریس اور صدارتی دونوں انتخابات ہار جائے گی ۔ اس لئے امریکہ کی کوشش ہے کہ پرویز مشرف کو اگر زیادہ نہیں تو نومبر پار کرادیں تاکہ وہاں پر انتخابات ہو جائیں ۔ وجیہہ الدین نے کہا کہ اس وقت ہم پاکستان میں سپر پاور کی پوزیشن تہہ و بالا کرنے کی پوزیشن میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پرویز مشرف کو ہر صورت رکھنے کی کوشش کرے گی ۔افغانستان کے لوگ امریکہ میں مقید ہو کر رہ گئے ہیں ۔ ری پبلکن پارٹی کانگریس اور صدارتی انتخابات میں بھی ہارے گی ۔ اس لیے ری پبلکن جنرل (ر ) پرویز مشرف کو نومبر پار کرانا چاہتی ہے تاکہ اس کے تمام انتخابات ہو جائیں اور امریکہ پرویز مشرف کو نومبر تک رکھنے کے لئے وہ سب کچھ کریں گے جو انہیں ضرورت ہو گا ۔ وکلاء نے اپنے رہنماؤں کے لائحہ عمل کے مطابق آگے چلنا ہے ۔ اسلام آباد بار کو ان کی بے مثال جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اسلام آباد کے وکلاء نے ہزاروں سیکورٹی اہلکاروں کا سامنا کیا اور تمام رکاوٹوں کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا ۔ وکلاء اپنی تحریک کو مضبوط اور اتحاد رکھیں ۔ وکلاء نے ہر مشکل وقت میں قوم کو ثابت قدم رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی تحریک کامیابی کے قریب ہے تحریک کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment