International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, April 17, 2008

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، وزیر اعظم کو ایٹمی اثاثوں کے بارے میں بریفنگ

اسلام آباد۔ سٹریجک پلاننگ ڈویژن نے حکومت کو آگاہ کیا ہے ملک کے ایٹمی اثاثے ایک موثر کمانڈ اینڈ کنٹرول کے تحت ہیں اور انہیں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ جبکہ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی اور قومی دفاع کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔ جمعرات کو سٹریجک پلاننگ ڈویژن کی جانب سے ان کے سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم کو پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام اور سٹریجک دفاعی صلاحیت کے بارے میں بریفننگ دی گئی ۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اپنے پہلے دور ے پر جمعرات کو راولپنڈی میں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچے ۔ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر وزیراعظم کا خیر مقدم کیا ۔ اور مسلح افواج کے ایک چاک و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی پیش کی ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے ساتھ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم کو جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر ز میںسٹریجک پلاننگ ڈویژن کی جانب سے ملک کے ایٹمی اثاثوں اور سٹریٹجک دفاعی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے عزم کیا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیت میں مزید اضافے اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے دفاعی صلاحیت کے بارے میں موثر کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر پر اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کم از کم دفاعی صلاحیت کے اصول پر قائم ہے ۔ ایٹمی عدم پھیلاؤ کی عالمی کوششوں میں پاکستان مثبت کردار ادا کرتا رہے گا انہوں نے واضح کیا کہ ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ۔ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ مسلح افواج ملک کا اثاثہ ہیں اور دفاع کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔ بریفنگ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ‘ وزیر دفاع چوہدری احمد مختار ‘ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ‘ وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان ‘ قومی سلامتی کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر محمود علی درانی ‘ چیئرمین چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید بھی موجود تھے ۔

No comments: