International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Thursday, April 17, 2008
چیف جسٹس سمیت تمام جج بحال ہوں گے، اس کے علاوہ کسی بھی فارمولے کو وکلاء تسلیم نہیں کریں گے ۔وکلاء ریلی سے مقررین کا خطاب
لاہور۔ معزول ججوں کی بحالی کے خلاف سازشوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ چیف جسٹس سمیت تمام جج بحال ہوں گے، اس کے علاوہ کسی بھی فارمولے کو وکلاء تسلیم نہیں کریں گے۔ وکلاء میں انتشار پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی ناکام بنائیں گے۔ اس امر کا اظہار وکلاء کی عدلیہ کی آزادی کیلئے ہفتہ وار ریلی کے اختتام پر وکلاء رہنماؤں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر انور کمال، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر حامد خان، لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر منظور قادر، سیکرٹری لطیف سرا اور دیگر نے خطاب کیا۔ ریلی میں اس بار وکلاء کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے نسبتا زیادہ تعداد میں شرکت کی۔ سیاسی تنظیموں وسول سوسائٹی کی جانب سے جن رہنماؤں نے شرکت کی ان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، جمعیت علماء پاکستان (نفاذ شریعت) کے سربراہ انجنیئرسلیم اللہ، خاکسار تحریک کے سربراہ حمید الدین المشرقی ودیگر شامل ہیں۔ ریلی میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی، لیبر پارٹی اور سول سوسائٹی کے علاوہ ایم ایس ایف کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ریلی کا آغاز ایوان عدل سے ہوا جبکہ جی پی او چوک سے لاہور ہائی کورٹ کے وکلاء بھی بڑی تعداد میں ریلی میں شامل ہوگئے۔ شرکاء نے سٹیٹ بینک کے سامنے اور دیگر مقامات پر احتجاجی دھرنے بھی دیئے۔وکلاء نے سیاہ بینر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر عدلیہ کی بحالی سے متعلق نعرے درج تھے۔ شرکاء نے ’’ گو مشرف گو، عدلیہ کی آزادی تک جنگ رہے گی، چیف تیرے جانثار بے شمار بے شمار‘‘ ودیگر نعرے لگائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خفیہ قوتیں مختلف بہانوں سے وکلاء تحریک کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ جنرل (ر) پرویز مشرف ان سازشوں میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ سازشیں صرف وکلاء کے خلاف ہی نہیں بلکہ جمہوریت ڈی ریل کرنے کے خلاف بھی ہیں۔ انہوں نے وکلاء سے کہا کہ آنے والے دن بہت اہم ہیں وکلاء کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے منگل کے روز ہونے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات اور اس میں دیگر معاملات سے ہٹ کر ججوں کی بحالی پر اپنی کمٹمنٹ کا اعادہ کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ معزول ججوں کی بحالی کیلئے پارلیمنٹ سے قرارداد پاس کروانے کی بھی ضرورت نہیں ہے تاہم وکلاء انتظار کریں گے اور کسی کو کوئی بہانہ بنانے کا موقع نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کاؤنٹ ڈاؤن جاری ہے۔ چند دن باقی ہیں وکلاء اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں فتح انشاء اللہ آئین وقانون کی ہوگی اور معزول ججوں کی بحالی کے بعد ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی قائم کی جائے گی۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment