International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, June 6, 2008

اسرائیل طرز پر کشمیریوں کے خلاف نئی سازش تیار کی جا رہی ہے ۔سجاد غنی لون

سری نگر ۔ پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے حکومت کی طرف سے شرائن بورڈ کو پہلگام اور اس کے متصل وملحقہ علاقہ جات کی اراضی کو سپرد کرنے کے فیصلے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو مقبوضہ کشمیر حکومت اور بھارتی حکومت کی ملی بھگت اور اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کے خلاف ان کی گہری سازش سے تعبیر کیاہے۔سجاد غنی لون نے کہا کہ پہلگام میں شرائن بورڈ کو 800کنال اراضی فراہم کرنے سے کشمیریوں کی ہزاروں برس قدیم اور باوقار تہذیب وتمدن اور ثقافت تباہی کے دھانے پر پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے اسے اقتصادی وماحولیاتی طور تباہ وبرباد کے مترادف قراردیا۔ سجاد غنی لون نے مخلوط حکومت میں موجود بھارت نواز وظیفہ خور جماعتوں کے رہنماوں کو حکومت کے اس مذموم اور کشمیر کش فیصلے پر چپ سادھنے پر ان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ان کی روش سے ان کی پرفریب سیاست کاری کی پول بھولے اور معصوم کشمیریوں کے سامنے کھل جاتی ہے جن کے سامنے یہ لوگ مسئلہ کشمیر کا راگ الاپ کر انہیں اپنے دام فریب میں پھنسا کر ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’یہاں جب کشمیریوں کی بنیادی اور روح پر خنجر کاری کی سعی ہورہی ہے تو اس موقع پر ان لوگو ں کو کیوں جیسے سانپ سونگ جاتا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام ان سیاستدانوں کی مکار سیاست گری کو سمجھے اور ان کے فریب میں آنے سے اپنے آپ کو بچائیں۔ سجاد لون نے اس سنگین مسئلے کے قانونی پہلو کے حوالے سے ریاست میں موجود قانونی ماہرین سے صلاح ومشورہ کرنا شروع کیا ہے تاکہ حکومت کے اس فیصلے پر فوری طور پر روک لگا کر کشمیریوں کو غیروں کی تہذیبی، تمدنی اور ثقافتی جارحیت سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے اس ناروا فیصلے کی سنگین نوعیت کے پیش نظر کشمیر بار ایسو سی ایشن سے وابستہ وکلاء کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اس مذ موم فیصلے پر روک لگانے کیلئے سامنے آئے تاکہ کشمیریوں کے بچوں کے تہذہبی ، تمدنی ، ثقافتی ، مذہبی ، ماحولیاتی اور اقتصادی مستقبل کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

No comments: