International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Friday, June 6, 2008

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈھوک کالا خان سے بارود سے بھری تیسری گاڑی بھی برآمد کر لی

قبضے میں لی گئیں گاڑیوں میں دو لینڈ کروزر اور ایک ٹیوٹا کرولا شامل ہے، چار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیاگیا
گاڑیوں سے برآمد ہونے والا بارود اور راکٹ لانچروں کو ناکارہ بناکر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا
ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں صدارتی کیمپ آفس ،پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں واقع دیگر حساس عمارتوں کو نشانہ بنانے کا انکشاف کر لیا

اسلام آباد ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا ایک بڑامنصوبہ ناکام بناتے ہوئے راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان سے بارود سے بھری تیسری گاڑی بھی قبضہ میں لے لی اس سے قبل دو گاڑیاں قبضے میں لے کر چار مبینہ دہشت گرد وں کوگرفتار کر لیا گیا ۔ راولپنڈی پولیس نے جڑواں شہروں میں بارود سے بھری گاڑیاں داخل ہونے پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی تھی اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع ملی کہ ڈھوک کالا خان کے علاقے جناح ٹاؤن میں مشکوک گاڑیاں کھڑی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کیا اور بارود سے بھری ہوئی تین گاڑیاں برآمد ہوئیں جن میں دو لینڈ کروزر اور ایک سفید رنگ کی ٹیوٹا کرولا شامل ہے ۔ دونوں لینڈ کروزر گاڑیوں سے پانچ پانچ سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور مارٹر گولے برآمد ہوئے ۔ جبکہ ٹیوٹا کرولا گاڑی بھی دھما کہ خیز مواد سے بھری ہوئی تھی اس دوران پولیس نے چار مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ جن میں ٹیوٹا کرولا گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے ۔برآمد ہونے والی گاڑیوں میں بارود اور راکٹ لانچروں کو بھی ناکارہ بناکر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق زیر حراست ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیاہے کہ وہ صدارتی کیمپ آفس پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں واقع دیگر حساس عمارتوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ پولیس نے آپریشن کے دوران علاقے کو خالی کروا لیا اور لوگوں کو آپریشن ختم ہونے کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ۔

No comments: