پرویزمشرف جمہوریت کے کمپیوٹرمیں وائرس کی طرح ، جس کو نکالے بغیر یہ نہیں چل سکتا
دو تہائی اکثریت حاصل ہوتی تو 24گھنٹوں میں ججز کو بحال او رپرویز مشرف کا مواخدہ کر دیتے
نا اہل قیادت کے حوالے سے پرویز مشرف کا بیان اعتراف جرم ہے قوم کو 12بڑے بحران ملے
مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال کی پریس کانفرنس
اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح کیا ہے کہ صدر پرویزمشرف کا مواخدہ نہ کیا گیا تو اٹھاون ٹو بی کے استعمال کا خطرہ موجود رہے گا قوم انتخابات میں دو تہائی اکثریت دیتی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) چوبیس گھنٹے میں ججز کو بحال اور پرویز مشرف کے خلاف مواخذہ کی تحریک پیش کر دیتی ۔ نا اہل قیادت کے حوالے سے پرویز مشرف کا بیان اعترافی جرم ہے اور جمہوری قوتوں کے خلاف چارج شیٹ پیش کرنے کی کوشش ہے ملک و قوم کو بارہ بڑے بحرانوں میں مبتلا کرنے والوں کو محفوظ راستہ نہیں دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے جمعہ کو پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے خطاب کے دوران یہ بیان کہ نا اہل قیادت اور بد انتظامی کی وجہ سے ملک کمزور ہو گا بدنیتی پر مبنی ہے ۔ لگتا ہے وہ جمہوری قوتوں کے خلاف چارج شیٹ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ آج بیان دیا ہے کل کو اپنے نام نہاد تحفظات پر مبنی تحریر جاری کریں گے اور اگلے مرحلے میں پریس کانفرنس کے ذریعے عزیز ہم وطنو ، کی بات کرتے ہوئے اٹھاون ٹو بی کے استعمال کا اطلاق کریں گے جس مقام پر آج ملک کھڑا ہے وہ پرویز مشرف کے پیداکردہ ہیں ۔ پرویز مشرف کی قیادت کی نا اہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے بحران پیدا ہوئے ہیں انہوں نے اپنے آٹھ سالوں میں ملک کو 12 بڑے بحرانوں جن میں نا اُمیدی و بداعتمادی ، عدلیہ کی برطرفی ،اداروں کی تنزلی ، توانائی ، گیس ، پانی ، خوراک ، مہنگائی ، وفاق ، تجارتی خسارے ، ملک کی سالمیت کو بے معنی کرنے ، انتظامی ڈھانچے کی تباہی ، میگا کرپشن شامل ہے بحران نئی حکومت کو ورثے میں دئیے ۔ جس طرح آئین کی دھجیاں بکھیریں گئیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ عدلیہ کا بحران ملٹری دور کا سب سے بڑا بحران ہے۔ اداروں کو بے وقت اور ناکارہ کر دیاگیا پارلیمنٹ انتظامیہ ، فوج ،بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ فوج کی قیادت کو اپنے افسران اور جوانوں کو ہداتی جاری کرنی پڑی کہ وہ فوجی گاڑی اور وردی میں سفر نہ کریں پرویز مشرف کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا محافظ ادارہ اپنے شہروں میں غیر محفوط ہو گیا ہے ۔ ساڑھے چار ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے ۔ پرویز مشرف کی ناہلی کی وجہ سے تین سالوں تک قوم کو اس بحران کا سامنا کرنا پڑے گا گیس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا پانی کا بحران ہے ، بھاشا ڈیم کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا گیا جس کی ابھی تکنیکی رپورٹ 2009ء میں مکمل ہو گی سونا اگلنے والی زمین کے باوجود خوراک کا بحران ہے جو1999ء میں زرعی پیداوار تھی آج بھی وہی ہے۔ گندم ، سبزیاں ، چینی ،گوشت درآمد کیاجارہا ہے ۔ ایک وقت تھا ہم یہ چیزیں برآمد کرتے تھے وفاق کا بحران پیدا کیاگیا ۔ صوبوں اور وفاق کے تعلقات میں کمزوری آئی ہے 75فیصد آبادی کی فی کس آمدنی دو ڈالر سے کم ہے جنہیں غربت میں دھکیل دیا گیا ہے اٹھارہ ارب ڈالر کا ریکارڈ تجارتی خسارہ ہو گا سامان تعیش درآمد کرنے کی وجہ سے درآمدی بل بے قابو ہو گیا ہے سالمیت کو بے معنی کردیاگیا ۔ بیرونی ڈکٹیشن پر ملک کو چلایا جارہا ہے انتظامی ڈھانچے کو تباہ کر کے امن وامان کا بحران پیدا کیا گیا ۔ چینی کا بحران پیدا کر دیا 100ارب روپے ان کارٹیکر کی جیبو ںمیں چلے گئے ۔ تیل کمیٹیوں نے 200ارب ڈآلر کا زائد منافع کمایا ایک سو ارب روپے مالیاتی اداروں نے کمائے ۔ سیاست میں کرپشن کے بڑے بڑے مگر مچھوں کی منڈیاں لگا کر سیاسی جماعت بنائی گئی اور ان مگر مچھوں کے کرپشن کے جرائم معاف کر دئیے گئے۔ مزاحمت کرنے والے سیاستدانوں کو نیب کے حوالے کر دیاگیا ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیاگیا سٹیل ملز کا میگا سیکنڈل سامنے آیا ۔ اس جرم میں شریک ملزم کو ملک سے بھاگنے کا موقع دیا گیا جبکہ اب خود پرویز مشرف بھاگنے کی تیاری کر رہا ہے انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف نے لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے طلباء و طالبات کو محفوظ راستہ نہیں دیاتھا انہیں کس طرح محفوظ راستہ مل سکتا ہے ۔ پرویز مشرف اگر سمجھتے ہیں کہ انہوں نے قوم کی خدمت کی ہے تو وہ ٹرائل کے قومی مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے خود کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کریں ۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہاکہ اٹھارہ فروری کے انتخابات میں قوم ہمیں دو تہائی کی اکثریت دیتی تو حالات مختلف ہوتے پرویز مشرف کا محاسبہ اور عدلیہ بحال ہو چکی ہوتی اتحادی حکومت ہے نئی حکومت بحرانو ںکو حل کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہے ججز کی بحالی کے معاملے کو مزید التواء میں نہیں ڈال سکتے ۔ جو زخم لگائے گئے ان پر مرہم رکھیں گے ۔ پرویز مشرف کس منہ سے ملکی قیادت کا درس دے رہے ہیں انہوں نے ایک فون کال پر قومی مفادات پر سرنڈر کیا اور ڈالروں کیلئے اپنے شہریوں کا سودہ کیا ۔ قوم ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قومی مجرم بنا دیاگیا۔ جامعہ حفصہ کے معوم بچوں او ربچیوں پر فاسفورس بم استعمال کر کے انہیں زندہ جلایا گیا چیف جسٹس کو بالوں سے کھینچا گیا اوران کے بچوں کو نظر بند کیاگیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آئینی پیکج کے حوالے سے ہماری سفارشات و تجاویز اور پی پی پی کے مجوزہ پیکج کو یکجا کرنے کے حوالے سے ظاہر ہے مشترکہ طور پر دو چار لوگ بیٹھیں گے نواز شریف ، چوہدری حسین حسین سے ملاقات نہیں کریں گے ۔ اس قسم کا پروپیگنڈہ مسلم لیگ(ق) خود کو زندہ رکھنے کیلئے کر رہی ہے تاکہ اپنے ارکان کو جو ان سے بد دل ہیں کو ساتھ رکھا جا سکے ۔ مسلم لیگ (ق) کو معلوم ہے کہ دو جماعتی نظام کی بحالی پر اب اس کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہاکہ جمہوریت کے کمپیوٹر میں پرویز مشرف وائرس ہیں جب تک اسے باہر نہیں نکالا جائے گا جمہوریت کا یہ کمپیوٹر نہیں چل سکتا۔
No comments:
Post a Comment