International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, July 7, 2008

٥ روپے کا نوٹ جاری جبکہ ٥٠ روپے نوٹ ڈیزائن میں ترمیم ۔اسٹیٹ بنک آف پاکستان

کراچی ۔ گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان،ڈاکٹر شمشاداختر نے پیر کی سہ پہراسٹیٹ بینک آف پاکستان ،کراچی میں ایک سادہ اور پُروقار تقریب میں 50 روپے کا نئے ڈیزائن کا بینک نوٹ اور5 روپے کا نیا بینک نوٹ متعارف کرایا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیاکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ آفسز8 جولائی 2008ء سے یہ نئے بینک نوٹ جاری کریں گے۔ڈاکٹرشمشاد اختر نے کہاکہ 50 روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ اور5 روپے کے نئے بینک نوٹ میں بین الاقوامی معیار کی حفاظتی خصوصیات شامل کی گئی ہیں اوراس طرح ان کی جعلسازی کے امکانات بہت کم ہوگئے ہیں۔ عوام کے لئے ان حفاظتی خصوصیات سے بخوبی آگاہ ہونا ضروری ہے تاکہ جب بھی ان کے پاس جعلی نوٹ آئے تو وہ اسے آسانی سے پہچان سکیں۔ ڈاکٹرشمشاداختر نے میڈیا پرزوردیا کہ وہ 50روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ اور 5 روپے کے نئے بینک نوٹ کی حفاظتی خصوصیات کواُجاگر کرکے عوام کوآگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنا مؤثر اور تعمیری کردار ادا کرے۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک 1000,500,100,20,10 اور5000 روپے کی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ پہلے ہی جاری کرچکاہے۔ نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ جاری کرنے کے سلسلے کاآغاز بتدریج 13 اگست2005 کو20 روپے کے بینک نوٹ کے اجراء سے ہوا اور 50 روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ اور5 روپے کے نئے بینک نوٹ کے اجراء سے اب یہ سلسلہ مکمل ہوچکاہے۔اعلیٰ فنی مہارت پر مبنی بینک نوٹوں کے اجراء سے پاکستان کی بینکنگ انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ ایسی خصوصیات کے حامل ہیں، جنہیں مشین پر پڑھا جاسکتا ہے۔ اس سے بینک نوٹوں کی ہینڈلنگ کی آٹومیشن اور بینک نوٹوں کی پروسیسنگ کرتے وقت جعلی نوٹوں کی شناخت کے لئے بینکوں میں جدید آلات کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہوگی۔50 روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ اور5 روپے کے نئے بینک نوٹ کی جعلسازی روکنے کے لئے ان نوٹوں میں اینٹی کاپی ، اینٹی اسکین، باریک لکھائی، حفاظتی دھاگے اورآرپارنظر آنے والے ہندسے سمیت اعلیٰ فنی مہارت پر مبنی متعدد حفاظتی خصوصیات شامل ہیں۔ نابینا افراد کی سہولت کے لئے خصوصی علامت کے علاوہ50روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ میں نوٹ کی مالیت کاپوشیدہ ہندسہ اورابھری ہوئی چھپائی کی خصوصی علامات بھی شامل ہیں۔5 روپے کے نئے بینک نوٹ کی پشت پر گوادر بندرگاہ کی تصویر اور50 روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ کی پشت پر قراقرم پہاڑ کی چوٹی 8611m کی تصویر طبع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 5 روپے کی مالیت کے جس نوٹ کی پشت پر کھوجک ریلوے ٹنل ،بلوچستان کی تصویر طبع ہے، اس نوٹ کی یکم جولائی 2005 سے قانونی حیثیت ختم ہوچکی ہے اوراسے کرنسی کے لین دین میں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاداختر نے کہا کہ 10، 20، 50، 100، 500 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ ان مالیتوں کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کے ساتھ قانونی کرنسی کی حیثیت سے بدستور زیرگردش رہیں گے۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے 22 مارچ2008 سے نارنجی ، سبز اورپیلے رنگوں کے خوبصورت امتزاج پرمشتمل 20 روپے کا نیا نوٹ جاری کرنا شروع کیا۔ 20 روپے کایہ نوٹ اوراسی مالیت کاکتھئی رنگ کادوسرا نوٹ، دونوں قانونی کرنسی کی حیثیت سے بدستور زیرگردش رہیں گے۔50 روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ اور 5 روپے کے نئے بینک نوٹ کی تقریب رونمائی میں دیگر کے علاوہ چیئرپرسن، پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن ، محترمہ نیئر مظفرحسین،ڈپٹی گورنرز، اسٹیٹ بینک آف پاکستان،جناب منصورالرحمن اورجناب یاسین انور، منیجنگ ڈائریکٹر، ایس بی پی بینکنگ سروسزکارپوریشن،جناب محمدکامران شہزاد،ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان اورپاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر افسران نے شرکت کی

No comments: