International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, July 7, 2008

کراچی ٧ بم دھماکوں سے لرز اٹھا ، روشنیوں کے شہر میں محض٤٥ منٹوں میں ٧ بم دھماکے


کراچی ۔ آج رات پیر کو کراچی بم دھماکوں سے لرز اٹھا ۔روشنیوں کے شہر میں محض45منٹوں میں یکے بعد دیگرے 7بم دھماکے ریکارڈ ہوئے جس میں 3افراد جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہوگئے جس میں 8 بچے بھی شامل ہیں۔پاک کالونی اور بنارس میں 2،2بم دھماکے ہوئے۔اورنگی ٹاؤن میں قصبہ موڑ کے قریب بم پھٹنے سے سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک فرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔بنارس چوک اورنگی ٹاؤن کے قریب 2 بموں کا دھماکہ ہوا جس کے باعث23 افراد زخمی ہوگئے۔عباسی شہید اسپتال میں 30 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا جس میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔شارع نور جہاں بم دھماکے سے 9 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بم شارع نور جہاں میں پارک ہوئی کار میں نصب کیا گیا تھا۔سی ڈی اے چورنگی ضیاء الدین اسپتال کے قریب ایک اور بم دھماکہ ہوا جس میں زخمیوں کی بڑی تعداد کو بذریعہ چھیپا اور ایدھی ایمبولنسز اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ مزدا ٹرک میں نصب بم سے ہوا جس کا نمبر 3549 تھا جبکہ دیگر ذرائع کا کہنا تھا کہ بم ٹیکسی نمبر 4929 میں نصب کیا گیا تھا جو کہ اسکول کے قریب پارک کی گئی تھی۔کراچی میں پاک کالونی کے قریب کالابورڈ کے مقام پر 2دھماکے ہوئے جس سے لوگوں کی کثیر تعداد زخمی ہوگئی۔شہر میں تسلسل سے ہونیوالے دھماکوں کے بعد شہر کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی پولیس اور رینجرز کی نفری میں اضافہ کردیا گیا جبکہ تمام اسپتالو ں میںبھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ دوسری جانب سے بازاروں اور دفاتر میں لوگوں کی بڑی تعداد کی عجلت میں سڑکوں پر آنے سے ٹریفک بھی بدترین جام ہوگیا۔

No comments: