International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, April 24, 2008

تحر یک ججوں کی بحالی ختم نہیں ہو گی،جسٹس صبیح الد ین ،الٹی گنتی 30 اپر یل کو ختم ہو جائیگی ،وکلاء رہنما

کراچی . معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی بحالی کیلئے ملک بھر میں وکلاء کی طرف سے عدالتوں کے علامتی بائیکاٹ اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ وکلاء رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ معزول ججوں کی بحالی کے معاملہ میں تاخیری حربوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ 90 ہزار وکلاء اور 16 کروڑ عوام کی طرف سے عدلیہ کی بحالی کے لیے الٹی گنتی 30 اپریل کو ختم ہو گی، کوئی تسلیم کرے یا نہ کرے۔ 30 اپریل ہی چیف جسٹس سمیت تمام معزول ججو ں کی بحالی کے لیے ” کٹ آؤٹ ڈیٹ “ ہے۔ آج ملک بھر کے وکلاء عدلیہ کی بحالی کے لئے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرکے احتجاجی ریلیاں نکالیں گے ۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کے معزول چیف جسٹس صبیح الدین احمد نے ججز کی بحالی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ افراد کا نہیں بلکہ آئین اور قانون کا ہے وکلاء تحریک ججوں کی بحالی پر ختم نہیں ہوگی جبکہ آئین سے روگردانی کرنیوالوں کو خمیازہ بھگتنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ بحالی کے بعد ججوں کا بھی احتساب کیا جائے۔وہ بدھ کو کراچی میں ملیر بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ جسٹس صبیح الدین احمد نے آصف زرداری کے بیان کا حوالہ دیئے بغیر کہا کہ مسئلہ ججوں کی ملازمت کا بھی نہیں ہے کیونکہ یہ ایک ذمہ داری ہے جسے دانشمندی اور ایمان کے ساتھ نبھانا ضروری ہے۔ انہوں نے وکلاء سے کہا کہ آپ کی تحریک چند ججوں کی بحالی پر ختم نہیں ہوگی۔ آپ کی تحریک چند افراد کے لئے نہیں ہے اگر کل ہم بحال بھی ہوجاتے ہیں تو یہ آپ کی ذمہ داری کہ آپ ہمارا بھی احتساب کریں۔ جسٹس صبیح الدین احمد نے کہا کہ مسئلہ ججوں کی ملازمت کا نہیں بلکہ یہ تو ایک ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء تحریک میں خوش آئند بات یہ ہے کہ سول سوسائٹی میں شعور پیدا ہوا ہے لوگوں کو اس بات کا احساس ہوا ہے کہ اس ملک میں آئین کی حکمرانی ہونی چاہئے۔ملیر بار سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ بار کے صدر رشیدا ے رضوی نے کہا کہ 26اپریل کو کراچی میں ہونے والا وکلاء کنونشن ملتوی کردیا گیا ہے کیونکہ وکلاء اس قسم کا تاثر نہیں دینا چاہتے کہ وہ حکومت پر غیر ضروری دباؤڈال رہے ہیں تاہم کنونشن اب مئی کے پہلے ہفتہ میں اسلام آباد میں ہوگا تاکہ یہ تاثر بھی قائم نہ ہو کہ وکلاء تحریک کمزور پڑ گئی ہے، ملیر بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ خان یوسف زئی نے کہا کہ ہماری جدوجہد تحریک کی کامیابی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 9 اپریل کو ملیر بار ایسوسی ایشن کے دفتر کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا لیکن اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں دبایا نہیں جاسکتا ۔راولپنڈی سے ثناء نیوزکے مطابق ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے عدلیہ کی بحالی کے لیے حکمران اتحاد کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ کمیٹی آئین و قانون کے تحت عوامی خواہشات کے مطابق فیصلہ نہیں کر سکے گی۔ ججوں کی بحالی کے لیے الٹی گنتی 30 اپریل کو ختم ہو گی، کوئی تسلیم کرے یا نہ کرے۔ ان خیالات کااظہار ہائی کورٹ بار کے صدر سردار عصمت اللہ نے ہائی کورٹ بار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب صدر بابر علی ، جنرل سیکرٹری ملک صدیق اعوان جوائنٹ سیکرٹری فرخ عارف بھٹی ، ممبر پنجاب بار کونسل حسن رضا پاشا سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

No comments: