اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور انکی اہلیہ نے 5 برس کے دوران اپنے 37 غیر ملکی دوروں پر مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے، ان دوروں میں وہ مجموعی طورپر 1325 افراد کو اپنے ساتھ بیرون ملک لے گئے،صدر پرویز مشرف جب نیویارک میں اپنی کتاب(سوانح عمری) کی رونمائی کیلئے گئے تو یہ دورہ مہنگا ترین دورہ تھا اور اس پر بائیس کروڑ ستر لاکھ روپے خرچ ہوئے ،اسی طرح جب صدر پرویز بینظیر بھٹو سے مذاکرات کیلئے 43رکنی وفد کے ہمراہ ابوظہبی گئے تو اس دورے پر ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے خرچ ہوئے، انہوں نے سعودی عرب کے مجموعی طور پر 8 دورے کئے اور ان پر مجموعی طور پر 14 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ ہوئے، انہوں نے عمرہ تک ٹیکس دہندگان کے پیسے سے کیا۔صدر پرویز کے یورپ کے آخری دورے کے دوران دورہ لندن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ صدر نے اپنی خواہش پر کیا تھا اور بر طانیہ نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ نے کوئی جواب نہیں دیا،اس دورے کے دوران صدر پرویز لندن کے علاقے پارک لین کے ہوٹل میں ٹھہرے جس میں ایک رات کا کرایہ 18 لاکھ روپے تھا،یورپی ممالک کے دورے پر مجموعی طور پر 14 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ ہوئے، صدر نے ان پانچ برسوں میں 37 غیر ملکی دوروں کے دوران وہ 80 ممالک میں گئے۔اپنے ایک دورے کے دوران وہ ملک سے 16 دن تک دور رہے،پانچ برسوں میں امریکا کے انہوں نے 6 دورے کئے۔پاکستان کی تاریخ کا سب سے مہنگا غیر ملکی دورہ وہ تھا جس میں وہ 52 رکنی وفد کے ہمراہ بلجیم، کیوبا ، امریکا اور برطانیہ کا 16 روزہ دورہ تھا، صدر کے دوروں پر آنے والے اخراجات کے حوالے سے سوال پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن اسمبلی راجہ محمد اسد خان نے کیا تھا ، گیلر ی میں بیٹھے ہوئے صحافی یہ تفصیلات سنکر سکتے میں آگئے، ان غیر ملکی دوروں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے والوں میں صدر پرویز کا ذاتی عملہ ، ان کے ذاتی محافظ اور ان کے ملٹری سیکرٹری کی بیویاں شامل ہیں جو ہر دورے میں ان کے ساتھ ہوتی تھیں۔ان میں میجر جنرل ندیم تاج اور انکی اہلیہ ثمینہ اور بعد میں میجر جنرل شفاعت اللہ اور انکی بیوی فریحہ شاہ ہر دورے میں صدر پرویز کے ساتھ ہوتے تھے۔صدر پرویز کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر جانے والے وفد کے سرکاری ارکان سے صدر کے ذاتی عملے اور سیکورٹی اسٹاف کی تعداد زیادہ ہوتی تھی، غیر ملکی دوروں میں سب سے زیادہ صدر پرویز کے ساتھ جانے والے وزیر شیخ رشید ہیں۔
International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment