International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Thursday, April 24, 2008
ججوں کی بحالی کیلئے کمیٹی کا پہلا اجلاس ،قرارداد کے مسودے کی تیاری
اسلام آباد: پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کے درمیان گذشتہ روز ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں قائم ہونے والی ججوں کی بحالی کیلئے کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی ترجمان صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کو اعلان بھوربن کے مطابق 2 نومبر2007ء کی پوزیشن پر 30 دن کے اندر بحال کرنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی مشترکہ کمیٹی قرارداد کا مسودہ تیار کررہی ہے، قرارداد کی تیاری کیلئے وکلاء برادری سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ مسلم لیگ(ن) کی کمیٹی سینئر وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر پٹرولیم خواجہ محمد آصف پر مشتمل ہے۔ آئینی وقانونی امور پران کی معاونت خواجہ حارث ایڈووکیٹ اورزاہد فخر الدین ایڈووکیٹ کریں گے۔ پیپلزپارٹی کی کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون فاروق نائیک ہیں جبکہ سینٹ میں قائد ایوان رضا ربانی ، مرکزی وزیر اطلاعات شیری رحمن اور مشیر داخلہ رحمن ملک بطور ممبر ان کی معاونت کریں گے۔ اس کمیٹی کے اسلام آباد میں ہی تین سے چار سیشنز ہوں گے۔ قرارداد کی تیاری کیلئے مشترکہ کمیٹی وکلاء برادری کے مرکزی نمائندوں سے بھی مشاورت کرے گی۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی اس حوالے سے رہنمائی لی جائے گی۔ کمیٹی اپنا تیار کردہ ڈرافٹ قائدین محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں حتمی منظوری کیلئے پیش کرے گی۔ حتمی منظوری کے بعدپارلیمنٹ سے اس کی منظوری حاصل کی جائے گی یہ تمام اقدامات اعلان بھوربن کی 30 دن کی ڈیڈلائن کے اندر مکمل کرلئے جائیں گے۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment