International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Thursday, April 24, 2008
پنجاب کابینہ کا اجلاس، صوبے میں مقامی حکومتوں کا ریکارڈ سیل
لاہور : پنجاب کابینہ کے پہلے اجلاس میں صوبے بھرکے ضلعی اور تحصیل حکومتوں اور ٹاؤنز کاگزشتہ دو ادوار کا تمام ریکارڈ فوری طور پر سیل کر کے اسپیشل آڈٹ کرانے، اشتہاریوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے اور شادی بیاہ کے موقع پر ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے فیصلے کئے گئے ہیں۔یہ بات وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ او ر وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ کی صدارت میں ہواجس میں سینئروزیرراجہ ریاض احمداورنومنتخب کابینہ کے تمام ارکان کے علاوہ چیف سیکریٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب بھی شریک ہوئے ۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ اور وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے بتایا کہ بلدیاتی ادارے بدعنوانی کی علامت بن چکے ہیں اسلئے کابینہ اجلاس میں پنجاب بھر کی ضلعی حکومتوں، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور ٹاؤنز کا گزشتہ دونوں اداوار کا تمام ریکارڈ فوری طور پر سیل کر کے اسپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ آڈٹ انٹرنل نہیں بلکہ ایکسٹرنل ہوگا اور جاری منصوبے اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔وزراء نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں اشتہاری ملزموں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہو سکے جبکہ اچھی شہرت کے حامل اور قابل پولیس افسران کو کام کرنے کا بھرپور موقع دیا جائیگا اور ذاتی پسند وبرادری ازم کی بنیادپرتعینات کئے جانے والے افسران کو تبدیل کر دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ کابینہ نے شادی بیاہ کے کھانوں پر ون ڈش کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزراء نے بتایا کہ آٹے کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا گیا اورسول سوسائٹی، میڈیاو عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کو ایسے افراد کی نشاندہی کریں جنہوں نے گندم یا آٹا کسی جگہ ذخیرہ کر رکھا ہے تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے جبکہ اس ضمن میں پبلک انفارمیشن سسٹم کی تجویز بھی زیرغور ہے جس کے مطابق آٹے کی ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا اور ان کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمدکھوسہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کابینہ ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور محنت سے کام کریں۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment