International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, May 5, 2008

کراچی :صفوان اللہ کے جاری کر دہ 450 ارب مالیتی پراپرٹی کی ملکیتی اہلیت کے سر ٹیفکیٹس منسوخ ،مقیم افراد کو فوری بے دخلی کا حکم

اسلام آباد : وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر ہاؤسنگ سید صفوان اللہ کی جانب سے کراچی میں جاری کئے گئے سرکاری پراپرٹی اور رہائش گاہوں کے 450 ارب روپے مالیت کے 3 ہزار 281 ملکیت کی اہلیت کے سرٹیفکیٹ (Eligibility Certificates) کو فوری طور پر منسوخ کرنیکا حکم دے دیا ہے۔ غیر قانونی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے اکثر افراد نے خاموشی سے نجی مارکیٹس میں یہ پراپرٹیاں فروخت کردی تھیں۔ وزیراعظم، جنہیں اس فیصلے کے بعد سندھ میں اپنے نئے اتحادیوں کی جانب سے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، نے ان جائیدادوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو بے دخل کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔ سرکاری جائیداد خریدنے والے افراد کو سید صفوان اللہ کی جانب سے 2005 سے 2008ء کے درمیان سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے تھے اور یہ افراد سرکاری جائیدادیں اوپن مارکیٹ میں فروخت کرکے غائب ہوگئے۔ 3 ہزار 281 میں سے 413 سرٹیفکیٹ سرکاری ملازمین کو جاری کئے گئے۔ غیر قانونی طور پر سرکاری ملکیت پر قبضہ کرنے والے باقی افراد یا تو ریٹائرڈ تھے یا پھر عام لوگ۔ ایسے سرٹیفکیٹس جاری کرنے سے قبل، سید صفوان اللہ نے، چونکہ ان علاقوں میں سرکاری ملازمین کو سرکاری رہائش گاہوں کی نئی الاٹمنٹ بند کردی تھی، نیا طریقہ اختیار کیا اور اسی طرح سے ان تین برسوں کے دوران ریٹائرڈ افسران نے جو رہائش گاہیں خالی کیں انہیں بھی یہ دکھایا گیا کہ ان میں مکین رہتے ہیں اور بعد میں انہیں نجی پارٹیوں کو دیدیا گیا جنہوں نے اربوں روپے کمانے کیلئے ان رہائش گاہوں کو اوپن مارکیٹ میں فروخت کردیا۔ ان رہائش گاہوں کا غلط سروے کرنے والے 8 اسٹیٹ افسران کو بھی انکی جانب سے تعاون فراہم کرنے پر 8 سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ 450 ارب روپے کی یہ جائیدادیں مارٹن روڈ، کلیٹن روڈ، جیل روڈ، جہانگیر روڈ، اولڈ الکھیسٹ، پٹیل پاڑہ، جہانگیر روڈ غربی اور پاکستان کوارٹرز میں قائم ہیں۔ پاکستان اسٹیٹ افسر شیر افضل خان نے دھمکیاں ملنے کے باوجود مکمل سیکیورٹی میں کراچی کا تحقیقاتی دورہ کیا اور پاکستان کی ریئل اسٹیٹ کی تاریخ میں سب سے بڑے گھوٹالے کی رپورٹ بنائی، جس کے بعد وزیراعظم نے اس خفیہ رپورٹ پر کارروائی کی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ذہانت اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنے والے اس اسٹیٹ افسر، جس نے دھمکیوں کے باوجود نتائج کی پروا نہ کی اور تحقیقات سے دور رہنے کیلئے مختلف حلقوں کی جانب سے رشوت کی پیشکش بھی ٹھکرا دی، کے کام کو سراہا ہے۔ اس حوالے سے نئے وزیر ہاؤسنگ رحمت اللہ کاکڑ نے تحقیقاتی رپورٹ کی تجاویز پر عملدرآمد کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہیں بھی ان عناصر کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا تھا جو اس رپورٹ کو دبانا چاہتے تھے۔

No comments: