International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Monday, May 5, 2008
نواز شریف نے بھی این اے 55 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے
اسلام آباد : آصف علی زرداری آئندہ ضمنی انتخابات میں صرف اس وزن کو برابر کرنے کیلئے حصہ لیں گے جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اعلیٰ نواز شریف کی قومی اسمبلی میں موجودگی سے پڑیگا۔ خود کو ضمنی انتخاب لڑنے پر آمادہ کرنے کیلئے کوشاں ایک قریبی ساتھی کو زرداری نے کہا کہ ایوان زیریں میں میری موجودگی سے ہمارے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی حیثیت کمزور ہو جائیگی۔ میں نہیں چاہتا کہ گیلانی اپنی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ کے کسی اقدام سے خود کو دباؤ میں محسوس کریں۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ قومی اسمبلی میں میری موجودگی غالباً ان کیلئے دباؤ کا باعث ہوگی۔ تاہم زرداری سے استدلال کیاگیا کہ پی ایم ایل این کے سربراہ کی بااثر سیاسی شخصیت کے باعث نواز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے سے وزیراعظم کی حیثیت یقینی طور پر متاثر ہوگی۔ تب ایک ذریعے کے مطابق زرداری نے کہا اس نکتے کو سنجیدہ توجہ دی جانی چاہئے اور قومی اسمبلی میں ان کی موجودگی وہاں توازن قائم رکھنے کیلئے ضروری ہوگی۔ انہوں نے اپنے معاون سے یہ بھی کہا کہ وہ نواب شاہ کے ایک حلقہ انتخاب سے الیکشن لڑنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ یہاں سے ان کی ہمشیرہ ایوان زیریں کیلئے منتخب ہوئیں۔ تاہم پی پی پی کے شریک چیئرمین نے آئندہ ضمنی انتخابات میں اپنی امیدواری کا حلقہ کے چناؤ کو تاحال سربستہ راز کے طور پر رکھا ہوا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے کہا کہ مقابلہ لئے انہیں تمام صوبوں میں چار حلقہ ہائے انتخاب حاصل ہیں۔ پی پی پی کے ایک ذریعے نے کہا کہ غالباً زرداری لاڑکانہ کی روایتی مقبول نشست سے الیکشن میں حصہ لینے کا قطعی فیصلہ کریں گے ۔ جہاں سے ہمیشہ ایک بھٹو یا شاہی خانوادے کا کوئی نامزد کردہ کامیاب ہوا چند روز پیشتر نواز شریف کے ساتھ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران زرداری نے کہا کہ انہوں نے راولپنڈی کا حلقہ این اے 55 مسلم لیگ (ن) سے اپنے لئے لیا ہے۔ متذکرہ نشست اونچی سطح کی اہمیت اختیار کر گئی کیونکہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر لیڈر مخدوم جاوید ہاشمی نے 18 فروری کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے شیخ رشید احمد کو یہاں شکست فاس سے دو چار کیا۔ رشید 1985ء کے بعد پہلی مرتبہ یہ نشست ہارے تاہم زرداری نے اپنے حتمی فیصلے کا انکشاف نہیں کیا، اب جبکہ زرداری کی جانب حلقہ انتخاب کا چناؤ ابھی باقی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انہیں این اے 55 میں اپنا سامنے کرنے کیلئے للکار دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے خیال میں معزول ججوں کی بحالی کے معاملہ پر اپنے موقف کی وجہ سے وہ بے انتہا مقبول اور زرداری اس بارے میں اپنی پالیسی کے باعث انتہائی غیر مقبول ہو چکے ہیں۔ انہوں نے پی پی پی کے سربراہ کو اس روز مقابلہ کی دعوت دی جس روز پاکستان کے دو بڑے فیصلہ کار ججوں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ایک فارمولا پر دبئی میں متفق ہوئے۔ قومی اسمبلی کا رکن بننے کیلئے حلقہ انتخاب کا چناؤ ابھی نہ کرنیوالے نوازشریف نے بھی این اے 55 کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں مگر انہیں خوف ہے کہ پارلیمانی سیاست سے انہیں باہر رکھنے کیلئے صدارتی احکامات پر ریٹرننگ افسر کی جانب سے ان کی امیدواری کو مسترد کردیا جائیگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایسا ہونے کی صورت میں وہ اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر نہیں کریں گے۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment