International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, May 5, 2008

میاں شہبازشریف نے پی پی ١٤١ اور پی پی ١٥٤ کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات جمع کرادیئے

لاہور ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے صوبائی اسمبلی لاہور کے حلقوں پی پی 141اور پی پی 154سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہبازشریف نے کہا کہ عدلیہ کی آادی اور معزول ججوں کی بحالی میں اب کوئی ابہام باقی نہیں رہنا چاہئے۔ جج ہر صورت بحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معزول ججوں کی بحالی کیلئے تاریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے اور اس حوالے سے وکلاء وماہرین قانون کی کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی جس کی روشنی میں ججوں کی بحالی کیلئے قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ میاں شہبازشریف نے کہا کہ اس وقت ماتحت عدلیہ کی حالت انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیشن کورٹ لاہور کی بلڈنگ بھی انتہائی خستہ حال ہے جس کی تعمیر نو کی جائے گی اور ماتحت عدلیہ کے ججوں کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 141پر عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے امیدوار طارق بدر الدین بانڈے کے انتقال کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوسکا تھا جبکہ پی پی 154سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری آصف قتل ہوگئے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق میاں شہبازشریف پی پی 154سے ہی الیکشن لڑیں گے جبکہ پی پی 141میں مجتبیٰ شجاع الرحمن امیدوار رہیں گے۔

No comments: