International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, May 5, 2008

ہمیں ملک کو خود انحصاری کی منزل پر گامزن کرنا ہے ۔ سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کو خود انحصاری کی منزل پر گامزن کرنا ہے ۔ عوام اور سیاسی قوتوں کے تعاون سے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جنوبی پنجاب کو ملک کے ترقیاتی یافتہ علاقوں کے مساوی لانا چاہتے ہیں ۔ طلبہ یونینز کی بحالی سے جامعات میں بہتر ماحول اور فضا قائم ہو گی کلچر تبدیل ہو گا اور ملک کو نئی قیادت فراہم ہو گی ۔ جامعات علم و دانش کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی میں 39 کروڑ روپے کی لاگت سے گیلانی لاء کالج کی نئی عمارت اور 48 کروڑ روپے کی لاگت سے فیکلٹی آف وٹرنری سائنسز کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) خالد مقبول اور بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بھی خطاب کیا۔ گیلانی لاء کالج کی نئی تعمیر اپریل 2009 ء میں مکمل ہو گی ۔ انہوں نے کہا بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔اس جامعہ نے خطے میں سماجی حالات کی تبدیلی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔علاقے میں رہنے والے عوام کا اسلام سے گہرا تعلق ہے۔ اسلام اور علم کی ترویج اور فروغ میں یہاں کے لوگوں نے اہم کردار ادا کیاہے۔ اہم روایات کو فروغ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ تعلیم کے فروغ سے یہ علاقہ مزید ترقی کرے گا ۔ملک میں تعلیم کا فروغ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے انہوں نے کہاکہ بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے آنے والی نسل کے شاندار مستقبل کے لیے کام کرنا ہے ۔ ملک کو توانائی ، بے روزگاری ، غربت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔صحت ، تعلیم کی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ تبدیلی کا عزم کر رکھا ہے تمام شعبوں کو ترقی سے ہمکنار کریں گے غربت میں کمی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عوام کو صحت تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔حکمران اتحاد عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک کو خود انحصاری کی جانب لے کر جانا ہے ۔ عوام اور سیاسی قوتوں کے تعاون کے بغیر ایشوز کو حل نہیں کیا جا سکتا ۔ وزیر اعظم نے کہا ملک کی جامعات میں تصورات کے آزادانہ اظہار کا موقع فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملتان میں انجینئرنگ اور ویمن یونیورسٹی کے قیام سے علاقے میں تعلیم کو مزید فروغ حاصل ہو گا ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ان میگا پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر اعلان کیا بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے 100 اساتذہ کو پی ایچ ڈی کرائی جائے گی۔ انہوں نے موقع پر ایچ ای سی کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ حکومت اس ضمن میں ایچ ای سی کو اضافی فنڈز فراہم کرے گی۔ انہو ںنے جامعہ کے بائیو ٹیکنالوجی شعبہ کو فنڈز کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ طلباء یونینز کی بحالی سے جامعات میں بہتر فضا قائم ہو گی اور طلبا یونین کے یہ نمائندے فراغت کے بعد ملک کی سیاسی اور سماجی شعبوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جامعہ ذکریا کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت جنوبی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کرے گی اور اس ضمن میں خاطر خواہ فنڈز استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ وہ بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے جامعہ کے ساتھ تعاون کرے حکومت اس ضمن میں ایچ ای سی کو فنڈز فراہم کرے گی ۔

No comments: