International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Sunday, April 27, 2008

ججوں کی بحالی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا فیصلہ کن اجلاس کل ہوگا

اسلام آباد: ججوں کی بحالی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا فیصلہ کن اجلاس کل پیر کے روز طلب کرلیا گیا ہے۔ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلان مری کے مطابق تمام معزول ججوں کی بحالی کی قرارداد کے بیشتر نکات پر دونوں جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیا ہے تاہم معزول ججوں کی 2نومبر 2007ء کی حالت میں ازسرنو فعالیت اور 2نومبر کے ان ججوں جنہوں نے 3نومبر 2007ء کو پی سی او کے تحت حلف اٹھا لیا تھا ان کی موجودہ فعالیت کے تسلسل کے بعض پہلوؤں پر پیر کے روز بات چیت میں تصفیہ طلب معاملات طے کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر قانون فاروق نائیک کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے بیشتر معاملات پر اتفاق کرلیا ہے اور بہت جلد متفقہ سفارشات پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کو پیش کردی جائیں گی۔ میاں رضا ربانی نے ایک استفسار پر بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اعلان مری کے مطابق ججوں کی بحالی کی قرارداد لائیں گے۔ پارٹی کے ترجمان فرحت الله بابر نے ایک استفسار پر بتایا کہ ججوں کی بحالی کے لئے صرف قرارداد ہی کافی نہیں بعض انتظامی اقدامات بھی درکار ہیں۔ پارٹی کے ایک مرکزی رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ججوں کی بحالی کی قرارداد کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ پیر‘ منگل یا بدھ کسی بھی روز طلب کیا جاسکتا ہے۔

No comments: