International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Sunday, April 27, 2008

حکومت نے ججز کی بحالی کے حوالے سے قرار داد کی منظوری کیلئے ٣٠ اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ذرائع

اسلام آباد ۔ججز کی بحالی کے حوالے سے قرا رداد کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس 30 اپریل کو بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے کل (پیر کو) صدر پرویز مشرف کو سمری بھیج دی جائے گی ۔ 30 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس حکمران ا تحاد کی جانب سے ججز کی بحالی کے حوالے سے قرار دادپیش کرنے کے لیے طلب کیا جا رہا ہے ۔تاہم چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مدت ملازمت کے حوالے سے حکمران اتحاد میں اختلافات دور نہیں ہو سکے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی ‘ چیف جسٹس کی سروس کا دورانیہ تین سال مقرر کرناچاہتی ہے اور اگر ایسا کردیا جاتا ہے تو چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کو بحالی کے فورا بعد اس عہدے سے سبکدوش ہونا پڑے گا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پی پی پی کی اس تجویز کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ اس معاملے پر نواز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان 30 اپریل کو اسلام آباد میں ملاقات متوقع ہے ۔ جس میں حتمی فیصلہ کرکے قوم کو اس سے آگاہ کردیا جائے گا۔ ملاقات کے روز ہی قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کردی جائے گی ۔قومی اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد معزول ججز کی بحالی کے حوالے سے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے ایگزیکٹو آرڈر وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے بعد جاری کیا جا سکتا ہے ۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ججز کی بحالی کے حوالے سے قومی اسمبلی میں منظور کردہ پارلیمانی کمیٹی کی مرتب کردہ سفارشات کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے ججز کی بحالی کے حوالے سے مجوزہ قرارداد اور آئینی ترمیم کے پیکیج کی منظوری کی صورت میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ایگزیکٹو آرڈر جاری کر سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وفاقی کابینہ کا آئندہ اجلاس بھی 30 اپریل کو اسلام آباد میں متوقع ہے۔

No comments: