International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, April 28, 2008

عدلیہ کو آزاد کر ینگے،چیف جسٹس سمیت تمام ججوں کو بحال کیا جائیگا ،وزیراعظم گیلانی

میانوالی : وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت تمام معزول جج دوبارہ بحال ہوں گے، عدلیہ بحال ہوئی اور عدلیہ کو آزاد عدلیہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ کر سکے تو اقتدار میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں،انہوں نے کہا کہ جمہوری قوتوں کی کامیابی سے ملک میں جمہوریت کو فروغ ملے گا، انہوں نے واضح کیا کہ الہ دین کا چراغ نہیں کہ سب مسائل فوری حل ہوجائیں،انہوں نے کہا بجلی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے چھوٹے ڈیم تعمیرکرینگے ، انہوں نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں کی مشاورت کے بغیر کالاباغ ڈیم نہیں بنے گا،انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ کر سکے تو اقتدار میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں،انہوں نے اداروں اور شخصیات کو تنبیہ کی کہ سب کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے میانوالی میں نمل کالج کی افتتاحی تقریب اور رکن قومی اسمبلی ملک عماد خان کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر عمائدین سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم احسن اقبال اور کالج کے ٹرسٹ کے چیئرمین عمران خان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کالا باغ ڈیم جب تک چاروں صوبوں کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہوجاتا اس کی تعمیر نہیں ہوسکے گی۔بجلی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا آغاز کریں گے اور بجلی کی قلت دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کی حکومت کے بعد ملک میں بجلی کی پیداوار میں ایک میگاواٹ کا اضافہ بھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ 10 سے 20 سال کی ملکی ضروریات کو سامنے رکھ کر بجلی کی پیداوار کے منصوبے بنائیں گے۔ اس سے قبل ظہرانے میں شریک زعماء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کالا باغ میں ریلوے پل کی مرمت اور گیس کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے صنعتوں کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ جمہوری قوتوں کی کامیابی سے ملک میں جمہوریت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ،اسفند یار ولی اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت بنائی ہے جو عوامی مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملک کو جن بحرانوں اور مشکلات کا شکار کیا ہے عوام اس کا مکمل ادراک رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاہم ہمارے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ فوری طور پر سب مسائل حل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارادے پختہ ہیں اور ہم عوامی خدمت کا عزم لے کر آئے ہیں اگر ہم عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات نہ کرسکے تو ہمارے اقتدار میں رہنے کا کوئی مقصد نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر کے بیٹے کے قتل کی تحقیقات نہ کرانے کے حوالے سے درخواست پر کہا کہ ڈی پی او کا تبادلہ کیا جا چکا ہے اور نیا ڈی پی او چارج سنبھالنے کے بعد قتل کی تحقیقات کا آغاز کرے گا۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میانوالی میں ٹراما سینٹر، کارڈیالوجی سینٹر اور زچہ وبچہ صحت مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ مسائل ماضی کی غیر جمہوری حکومتوں اور جمہوریت کی گاڑی بار بار پٹڑی سے اترنے کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں اور شخصیات کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ موجودہ حکومت غربت،مہنگائی، بجلی اور خوراک کے بحران پر قابو پانے کیلئے تمام کوششیں کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تحصیل پپلاں کو سوئی گیس کی فراہمی، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی کی توسیع کیلئے ساڑھے تین کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج میں پوسٹ گریجویٹس کلاسوں کے اجراء کیلئے وہ صوبائی حکومت سے بات کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نواب آف کالا باغ اور میرے والد کے قریبی تعلقات تھے۔ میانوالی میں ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال اس وقت قائم ہوا تھا جب میرے والد صوبائی وزیر صحت تھے۔

No comments: