International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Monday, April 28, 2008

ججوں کی بحالی ،قرار داد کو حتمی شکل دینے کیلئے پی پی اور ن لیگ کے رہنمادبئی روانہ

اسلام آباد :ججوں کی بحالی کی قرارداد کو حتمی شکل دینے کیلئے پی پی اور ن لیگ کے رہنماء دبئی روانہ ہو گئے، روانگی کا مقصد ججوں کی بحالی کے معاملے پر بات کے تسلسل کو آگے بڑھانا ہے ،اس دوران بحالی کے سلسلے میں قرارداد پیش کئے جانے کی تاریخ پر بھی بات چیت کی جائے گی،ن لیگ کے رہنماؤں میں پارٹی صدر شہباز شریف ،خواجہ آصف ،خواجہ حارث اور چوہدری نثار علی خان شامل ہیں۔ن لیگ کے ترجمان صدیق الفاروق نے بتایا کہ یہ رہنما پی پی شریک چیئر مین آصف علی زرداری سے بات چیت کرینگے اور اس ملاقات کے دوران ججوں کی بحالی کے حوالے سے پیش کی جانے والی قرارداد کو حتمی شکل دی جائے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بلانے پر دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق وہاں وہ ججوں کی بحالی کی مجوزہ قرارداد کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی اس بارے میں کیا سوچ ہے وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتے۔ جیو سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بتایا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ آصف علی زرداری ججز کا مسئلہ حل نہیں کرنا چاہتے بلکہ ان کی کوشش ہے کہ اس مسئلہ کو آئینی اور قانونی طور پر حل کیا جائے۔ وہ بینظیر بھٹو کے جمہوریت کے ایجنڈے کو تاحیات ساتھ لے کر چلیں گے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آئینی پیکج ججز کی بحالی کی قرارداد کے ساتھ بھی آسکتا ہے اور بعد میں بھی آسکتا ہے۔ آصف علی زرداری اور میاں محمدنوازشریف کی سوچ مثبت ہے انشاء اللہ اتحاد قائم رہے گا اور ججز کی بحالی کے معاملے پر مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کمیٹی میاں نوازشریف جو کہ پاکستان میں ہیں کو تمام تر تجاویز و صورتحال سے آگاہ کررہے ہیں جبکہ اب انہیں آصف علی زرداری نے دبئی بلایا ہے جہاں ان کو صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ حکومتی اتحاد قائم رہے گا اور ایوان صدر سے کوئی تصادم نہیں ہوگا۔

No comments: