International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Monday, April 28, 2008
صدر پرویز کے تحت الیکشن جیتنے والے قوم کو بحران سے نہیں نکال سکتے، منور حسن
کراچی:30 اپریل تک عدلیہ کی بحالی کے فیصلے کا انتظار کریں گے اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ صدر پرویز مشرف کی پالیسیوں نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جامعہ اسلامیہ مینگل آباد حب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیدمنور حسن نے مزید کہاکہ آصف زرداری عدلیہ کے معاملے پر اپنا واضح موقف پیش نہیں کررہے جب کہ نواز شریف عدلیہ کی آزادی کے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں ۔ ہم نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور کہا تھا کہ جو لوگ انتخابات میں کامیاب ہونگے وہ پرویز مشرف کی پالیسیوں کو برقرار رکھنے پر مجبور ہوں گے اور آج یہی صورت حال ہے اورہماری بات درست ثابت ہوئی۔ جب تک 58-2B اور مشرف موجود ہیں پارلیمنٹ کبھی آزاد نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پرویز مشرف ملک کو امریکی کالونی بنانا چاہتے ہیں مگر جب تک اس ملک میں مسلمان باقی ہیں امریکا کی اجارہ داری قائم نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کا اقتدار سے رخصت ہونا ضروری ہے کیونکہ جب تک پرویز مشرف ہیں اس ملک میں جمہوریت قائم نہیں ہوسکتی۔ عوام نے 18 فروری کو جمہوریت اورججوں کی بحالی کے جو حسین خواب دیکھتے تھے وہ بکھرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکمران ایک دوسرے کو پرتکلف ظہرانے اورعشائیے دے کر غریبوں کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے اسکینڈل رفتہ رفتہ سامنے آرہے ہیں۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment