International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, April 26, 2008

نگراں حکومت نے صوبے میں50 ہزار غیر قانونی بھرتیاں کیں،ہم سب نے منسوخ کردیں،وزیراعلیٰ سندھ

خیرپور: چار ماہ کی نگراں حکومت نے کراچی واٹر بورڈ اور کراچی بلدیہ سمیت سندھ میں مختلف محکموں میں پچاس ہزار غیر قانونی بھرتیاں کیں،ہم نے سب منسوخ کردیں، ارباب رحیم نے صرف دھونس اوردھاندلی سے حکومت چلائی،ارباب رحیم 18سو فائل چھوڑ گئے ہیں ۔ جن میں کئی اہم فائل ہیں۔سندھ کو 156ارب روپے کا قرضہ ورثے میں ملا، غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبے میں غربت کی شرح 46فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جیلانی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خیرپور سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران بڑے مسائل اور بڑے بحران چھوڑ گئے ہیں ۔ مسائل اور بحرانوں پر قابو پانے کیلئے ہم جامع منصوبہ بندی کریں گے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ ریاست کے اہم ستون ہوتے ہیں ہم ان تینوں ستونوں کو مضبوط کریں گے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سابق سندھ حکومت 156 ارب روپے کے قرضے چھوڑ گئی ہے جو بڑی زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناظمین نے کرپشن کی ہے ہم ناظمین کے اختیارات کم کریں گے ۔ سندھ میں امن وامان کے مسئلے پر انہوں نے کہا کہ ان کی تمام تر توجہ امن وامان کے مسئلے پر ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے میں ڈی پی اوز اور تھانیدار ایماندار اور میرٹ پر مقرر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد جرائم میں کمی آئی ہے ۔ نگران حکومت کے متعلق سید قائم علی شاہ نے کہا کہ نگران حکومت کو صرف الیکشن کرانے کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن چار ماہ کے نگران حکمرانوں نے کراچی واٹر بورڈ اور کراچی بلدیہ سمیت مختلف محکموں میں پچاس ہزار افراد غیر قانونی بھرتی کئے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران دور کی تمام بھرتیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ارباب رحیم دور کے متعلق انہوں نے کہا کہ ارباب رحیم دور حقوق کی پامالی کا دور تھا ۔ ارباب رحیم نے دھاندلی اور دھونس سے حکومت چلائی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے سندھ میں غربت کی شرح 46 فیصد تک پہنچ گئی ۔ ہماری حکومت غربت کے خاتمے کے منصوبے بنائے گی۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے 8 اضلاع میں انڈسٹریل زون قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ارباب رحیم 8 1سو فائل چھوڑ گئے ہیں جن میں کئی فائل اہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے فائلوں کا مطالعہ شروع کردیا ہے ۔ عوامی مفاد کے فائل وہ چند دنوں میں نکال کر متعلقہ محکموں کو بھیجیں گے ۔ سید قائم علی شاہ نے خیرپور میں وکلاء کالونی تعمیر کرانے اور خیرپور بار ایسوسی ایشن کو دس لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔

No comments: