International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, April 26, 2008

جرمنی :بے نظیر بھٹو ایونیو کی قراردادمنظور، شاہدریاض گوندل کو سیاسی راہنمائوں کی مبارکباد



ایسوسی ایٹڈ پریس سروس

برلن کی سٹی کونسل نے بحث کے بعد بھاری اکثریت سے بے نظیر بھٹو ایونیو کی قرارداد کی منظوری دے دی۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی لیڈرManfred Becker نے کونسل میں قرارداد پیش کی،اس پر تقریباً تمام پالیمانی گروپوں کی طرف سے بحث کی گئی۔ بحث کے بعد رائے شماری ہوئی جس میںکونسل کے ارکان نے قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔ قرارداد کے حق میں توقع سے زیادہ ووٹ آئے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی، کرسچین ڈیموکریٹک یونین، گرین پارٹی اور بائیں بازو کی جماعت Die Linkeنے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ قرارداد کی منظوری کے ساتھ ہی بے نظیر بھٹو ایونیو کے کے لیے سب سے اہم مرحلہ مکمل ہو گیا۔ قرارداد کی منظور ی پر جرمن سیاسی راہنمائوں ، Erik Gührs, Fritz Wolff, Dirk Liebeاور Schulz-Topkenنے شاہدریاض گوندل کو جو کہ پا کستان جرمن کونسل برائے ثقافت و جمہوریت کے صدر اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ممبر ہیں، قرارداد کی منظور ی پر مبارکباد دی ہے۔ شاہد ریاض گوندل اوران کی تنظیم "پاکستان جرمن کونسل برائے ثقافت و جمہوریت" برلن میں بے نظیر بھٹو ایونیو کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کے محرک ہیں۔یہ قرارداد اب بیک وقت صوبائی کابینہ اور ثقافت کی کمیٹی کے پاس چلی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ اپنا صوابدیدی اختیار استعمال کرتے ہوئے اس کی خصوصی منظوری دے گی۔ کابینہ پہلے ہی اس کی منظور ی کے لیے مثبت اشارہ دے چکی ہے۔ اس سے پہلے صوبائی کابینہ نے ساٹھ کی دہائی میں امریکن صدر جان ایف کینیڈی کی وفات کے بعد اپنا صوابدیدی اختیار استعمال کرتے ہوئے خصوصی منظور ی دی تھی۔ ثقافت کی کمیٹی شاہراہ کے نام کی تبدیلی پر آنے والے اخراجات، شاہراہ کے نام کی تبدیلی سے متاثر ہونے والے شہریوں، کاروبار اور اور سپورٹس کمپلیکس کا جائزہ لے گی۔ شاہراہ کا نام Weisenseer Weg تبد یل کرکے بے نظیر بھٹو ایونیو رکھنے پر لاکھوں نہیں تو ہزاروں یورو خرچہ آنے کا تخمینہ ہے۔ اگر صوبائی کابینہ بے نظیر بھٹو ایونیوکی منظور ی دے دیتی ہے( جس کا غالب امکان ہے) تو جرمنی کے درالحکومت میں یہ کسی بھی مسلمان شخصیت کے نام پر پہلی شاہراہ ہوگی۔ یہ نہ صرف بے نظیر بھٹو شہید کے لیے ایک خراجِ تحسین ہوگا بلکہ پاکستان کے تمام سیاسی راہنمائوں ، سیاسی ورکروں، صحافیوں، وکیلوں ، پاکستانی عوام اور جمہوریت کے لیے قربانی دینے والے ہر شخص کے لیے ایک اعزاز ہوگا۔اس خوشی کے موقع پر پاکستان جرمن کونسل برائے ثقافت و جمہوریت اور شاہد ریاض گوندل تمام پارلیمانی گروپوں، تما م جرمن اور پاکستانی دوستوں کا شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے بے نظیر بھٹوایونیوکے لیے حمائت کی اور مستقبل میں بھی ہمارا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے۔

No comments: