International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Saturday, April 26, 2008
قومی اسمبلی:اسٹاک ایکسچینج اسکینڈل میں7 کھرب روپے ڈوبے ،تحقیقات فنانس کمیٹی کے سپرد
اسلام آباد : قومی اسمبلی نے جمعہ کو کارروائی کے دوران گزشتہ دور کے اسٹاک ایکسچینج اسکینڈل کی تحقیقات فنانس کمیٹی کے سپرد کر دی ۔ اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے یہ کارروائی سرکاری رکن سردار ایاز صادق کے نکتہ اعتراض پر کی۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے نکتہ اعتراض کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکینڈل میں کئی بااثر لوگ ملوث ہیں اور 700ارب روپے ڈوبنے کی جامع تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا فراڈ تھا۔ قبل ازیں وزیر ریلوے سردار مہتاب احمد خان نے سکھر ڈویژن میں ریلوے اراضی کی فروخت کے بارے میں نکتہ اعتراض پر کہا کہ حکومت ایوان میں بحث کرانے اور ریلوے اراضی کی فروخت کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کرانے کو تیار ہے۔ بعد میں سردار ایاز صادق نے 2005ء کے اسٹاک ایکسچینج اسکینڈل کے حوالے سے کہا کہ وزیر خزانہ اس اسکینڈل کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کرائیں۔ تجویز کی حمایت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ یہ بہت بڑا فراڈ تھا جس میں کئی بااثر لوگ ملوث تھے۔ انہوں نے 21نومبر 2006ء کو امریکی فرانزک رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی اور بتایا کہ پاکستانیوں کے 700ارب روپے کیسے ڈوبے۔ انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار نے اپنے آپ کو بچانے کیلئے امریکی فرم کی خدمات حاصل کی تھیں تاہم فنانس کمیٹی اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کر سکتی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ رپورٹ آنے کے بعد فنانس کمیٹی میں اس معاملے کو زیرغور لایا جا سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس معاملے پر ٹاسک فورس کی رپورٹ آ چکی ہے جس پر اسپیکر نے ایوان کی منظوری سے اسٹاک ایکسچینج اسکینڈل کی تحقیقات فنانس کمیٹی کے سپرد کردی۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment