International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Saturday, April 26, 2008

پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم کے درمیان ڈیڈ لاک ختم، کئی امور پر اتفاق ہوگیا

کراچی : قومی مفاہمت، سندھ میں اشتراک اقتدار اور صوبے میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اسلام آباد میں جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں ڈیڈ لاک ختم ہوگیا جبکہ دونوں جماعتوں میں حکومت سازی پر پیشرفت بھی ہوئی،ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے درمیان جلد لندن میں ملاقات بھی متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق مذاکرات میں پیپلزپارٹی کی طرف سے وفاقی وزراء سید خورشید شاہ، نوید قمر، سندھ کے سینئر وزیر پیر مظہرالحق اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی نے حصہ لیا جب کہ متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے ڈپٹی کنوینر و قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار، رابطہ کمیٹی کے اراکین سینیٹر بابر خان غوری، وسیم آفتاب اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں حکومت میں شراکت سمیت تقریباً تمام بڑے امور پر اتفاق رائے ہوگیا ہے چند ایک امور رہ گئے ہیں جن پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور مشیر داخلہ رحمن ملک یا پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور متحدہ کے قائد الطاف حسین بات چیت کر کے فیصلہ کریں گے۔آن لائن کے مطابقسابق وفاقی وزیر و متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما و سینیٹر بابر خان غوری نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین کوئی ڈیڈ لاک نہیں ،دونوں مفاہمت کے خواہاں ہیں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم صوبہ سندھ میں قیام امن کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مفاہمتی و مذاکراتی عمل میں شریک ہے او رگزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی، ہمیں امید ہے کہ ملکی مفاد اور شہری و دیہی سندھ میں ہم آہنگی کی خاطر صوبہ سندھ کی دوبڑی جماعتوں میں مفاہمت طے پا جائے گی ۔اسلام آبادسے مانیٹرنگ سیل کے مطابق سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، مذاکرات ایک گھنٹہ چالیس منٹ تک جاری رہے، ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت کے 99فیصد مسائل حل ہوگئے ہیں چند معاملات حل طلب ہیں جو اعلیٰ قیادت طے کرے گی۔ آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے درمیان جلد لندن میں ملاقاتمتوقع ہے۔

No comments: