International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Wednesday, April 23, 2008

آئی پی ایل: دہلی ڈیئر ڈیولز نے دکن چارجرز کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

کراچی . انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں منگل کو دہلی ڈیئرڈیولز نے کپتان وریندر سہواگ کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت لکشمن کے دکن چارجرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جیو سوپر نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم حیدرآباد دکن سے میچ براہ راست نشر کیا۔تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرے اسٹیڈیم میں ہوم سائیڈ دکن چارجرز کے کپتان وی وی ایس لکشمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شائقین کرکٹ کے لیے یہ مناظر بڑے جوش بھرے تھے جب آسٹریلین بولنگ کے مضبوط ستون اور دنیائے کرکٹ میں اپنی بالادستی کا لوہا منوانے والے میک گرا اپنے ہی ہم وطن جارحانہ بلے باز ایڈم گلکرسٹ کے مقابل تھے تو دوسری جانب ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں تیزترین سنچری بنانے والے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کومحمد آصف کی تیز ترین گیندوں کا سامنا کرنا تھا۔ تجربے کار میک گرا کے پہلے اوور میں ایڈم گلکرسٹ اور گوپال صرف ایک رن ہی بناسکے۔گلکرسٹ نے دوسرے اوور میں آصف کی لیگ اسٹمپ سے باہر جاتی گیند کو زوردار چھکے میں تبدیل کیا تو پورا اسٹیڈیم خیرمقدمی نعروں سے گونج اٹھالیکن اسی اوور میں محمد آصف نے گلکرسٹ کو بولڈ کرکے اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دے دیا۔ ایڈم گلکرسٹ کا دوسرے ہی اوور میں آؤٹ ہوجانا دکن چارجرز کے لیے پریشانی کا باعث تھا، اس وقت ٹیم کا اسکور بھی صرف 9رنز تھا۔چھٹے اوور کی پہلی گیند پر آصف نے خوبصورت اور تیزرفتاران سوئنگ بال پر دکن چارجرز کے کپتان لکشمن کی مڈل اسٹمپ اکھاڑی تو دہلی ڈیئر ڈیولز کے حامیوں کی خوشی دیدنی تھی۔ آصف اورمیک گرا کی نپی تلی بولنگ کے سامنے دکن چارجرز5.1اوورز میں صرف 23رنز ہی بناسکے تھے۔8ویں اوور میں40کے مجموعی اسکور پر ونے گوپال نے ماہروف کو اونچاشاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن باؤنڈری لائن پر موجوددھاون نے کیچ لیکر دکن چارجرز کو ایک اور نقصان پہنچایا۔10ویں اوور میں آسٹریلیا کے ممتاز آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈ بھی ماہروف کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ 45رنز پر 4کھلاڑی آؤٹ ہونے پر دکن چارجرز کو مشکلات کاسامنا تھا ، ایسے میں شاہد آفریدی بیٹنگ کے لیے کریز پر آئے تو شائقین نے بھرپور انداز میں ان کا استقبال کیا۔ ہر ایک کو یہ توقع تھی کہ آفریدی اپنے زوردار چوکوں اور چھکوں سے ہر ایک کو محظوظ کریں گے لیکن 13ویں اوور کی پہلی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آفریدی صرف 2 رنز بناکر بھاٹیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو 60رنز پر 5کھلاڑی آؤٹ کا اسکور ڈیئرڈیولز کی شاندار بولنگ کی کہانی سنارہا تھا، صرف روہت شرما ہی اپنی ٹیم دکن چارجرزکا اسکور مستحکم پوزیشن پر لے جانے کیلئے ڈٹے ہوئے تھے۔ شرما نے کئی زوردار اور اونچے شاٹس کھیل کر ڈیئر ڈیولز کی بولنگ لائن کو چیلنج کیا۔ شرما کی نصف سنچری 31گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے مکمل ہوئی۔ اننگز کے 18ویں اوور میں شرما نے ماہروف کو آڑے ہاتھوں لیا اور 2چھکوں اور 3 مسلسل چوکوں کے ذریعے 26 رنز سمیٹے۔ دکن چارجرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے، روہیت شرما 36 گیندوں پر شاندار 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دہلی ڈیئر ڈیولز کی جانب سے آصف، ماہروف اور بھاٹیا نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ 143رنز کے ہدف کے تعاقب میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی اننگز کا آغاز گوتم گمبھیر او وریندر سہواگ نے کیا، ان کے مقابل بولر سری لنکا کے چمندا واس تھے۔ ڈیئرڈیولز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب چوتھے اوور میں گوتم گمبھیر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 31 رنز تھا۔ وریندر سہواگ اپنے مخصوص انداز میں بولرز کی درگت بناتے رہے، سہواگ کی نصف سنچری 27گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے مکمل ہوئی۔ اننگ کے 13ویں اوور میں سہواگ نے اینڈریو سائمنڈ کے اوور میں 3چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ دہلی ڈیئر ڈیولز نے سہواگ کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 143 رنز کا ہدف صرف 13 اوور میں ایک وکٹ کھوکر حاصل کرلیا۔ سہواگ نے 41 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔

No comments: