International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, April 29, 2008

قرض وصولی کیلئے بینکوں کو قانونی طریقہ کا پابند بنایا جائے، ر ابطہ کمیٹی متحدہ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں مسلم کمرشل بنک کی جانب سے بنک سے قرضہ لینے والے نوجوان طفیل شاہ اوراسکے اہل خانہ کے ساتھ ظالمانہ سلوک کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث مسلم کمرشل بنک کی ریکوری ٹیم کے ارکان کے خلاف فی الفورکارروائی کی جائے اور نجی بنکوں کو قرضوں کی وصولی کیلئے قانونی طریقہ کاراختیارکرنے کا پابند بنایا جائے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں جاگیرداروں، وڈیروں ،سرمایہ داروں اور بااثر شخصیات نے مختلف بنکوں سے اربوں کھربوں روپے کے قرضے لئے لیکن ان سے قرضے واپس لینے کے بجائے یہ قرضے معاف کردیئے گئے اوراربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے آج بھی معزز بنے بیٹھے ہیں لیکن معمولی رقم کاقرضہ لینے والے غریب ومتوسط طبقہ کے افراد کے ساتھ ظالمانہ ،غیرقانونی اور غیراخلاقی طرز عمل اختیار کیاجارہا ہے۔رابطہ کمیٹی نے صدر پرویز مشرف ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ،وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ مسلم کمرشل بنک کی جانب سے لون کی وصولی کیلئے غنڈہ گردی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے ،اس واقعہ میں ملوث بینک کی ریکوری ٹیم کے خلاف کارروائی کی جائے۔رابطہ کمیٹی نے طفیل شاہ مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی معین خان اور حق پرست ٹاؤن ناظم محمد ذو الفقار نے مسلم کمرشل بینک کی جانب سے کاروبار اسکیم کے تحت روزگارکیلئے قرضہ لینے والے نوجوان طفیل شاہ کی قرضے کی بروقت عدم ادائیگی پرری کوری ٹیم کی بدسلوکی کے باعث خود کشی کرنے کے واقعہ پر گہری تشویش کااظہار کیاہے اور طفیل شاہ مرحوم کی رہائشگاہ واقع نارتھ کراچی جاکر ان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ۔اس موقع پر انہوں نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے بھی واقعہ پر دلی افسوس کااظہار کیا اور بینک کی ریکوری ٹیم کے ارکان کی جانب سے ظالمانہ سلوک کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ۔ وہ کچھ دیر سوگواران کے ہمراہ رہے اور انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی ۔

No comments: