International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Tuesday, April 29, 2008
سندھ پبلک سروس کمیشن سے متعلق گورنر کے اختیارات وزیر اعلیٰ کو منتقل
کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سندھ پبلک سروس کمیشن ( ترمیمی) بل 2008ء پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کی منظوری سندھ اسمبلی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں دی تھی، سندھ اسمبلی کی طرف سے منظوری اور گورنر سندھ کی طرف سے اس کی توثیق کے بعد یہ بل اب ایکٹ بن گیا ہے جس کے تحت کمیشن سے متعلق گورنر سندھ کے سارے اختیارات وزیر اعلیٰ سندھ کو منتقل ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کو بھی یہ اختیارات حاصل ہوگئے ہیں کہ وہ کمیشن کے موجودہ چیئرمین اور آٹھ ارکان کو ہٹا سکے اور ان کی جگہ نئے چیئرمین اور ارکان کا تقرر کرسکے۔ حکومت سندھ کے انتہائی معتبر ذرائع نے ” جنگ “ کو بتایا ہے کہ حکومت سندھ کو اس بات کا خدشہ تھا کہ گورنر سندھ اس بل پر دستخط نہیں کریں گے لیکن ان کی طرف سے دستخط کر دینے کا مطلب یہ ہے کہ وہ سندھ کی نئی حکومت کے ساتھ تصادم کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتے، ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر گورنر سندھ اس بل کی توثیق نہیں کرتے تو حکومت نے مذکورہ بل کو دوبارہ اسمبلی سے منظور کرانے کی منصوبہ بندی کرلی تھی۔ ذرائع کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین اور ارکان کو ہٹانے اور نئے چیئرمین اور نئے ارکان کے تقرر کیلئے نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ موجودہ چیئرمین اور ارکان کا تقرر نگراں حکومت نے کیا تھا اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے سندھ اسمبلی میں اس تقرری کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment