International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Tuesday, April 29, 2008

ملک بھر میں وکلاکا احتجاج جاری ،ججوں کی بحالی کے حوالے سے مطمئن نہیں ،اعتزاز احسن

کراچی: معزول ججوں کی بحالی کے لیے ملک بھر میں وکلا کی طرف سے عدالتوں کا علامتی بائیکاٹ اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگا کر احتجاج کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وکلا نے پیر کوعدالتوں کا علامتی بائیکاٹ کیا، بار رومز میں احتجاجی اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے ،وکلا نے اعلان کیا ہے کہ آزاد عدلیہ کیلئے بس ایک دن کا انتظار باقی ہے ،ملک بھرکی وکلا برادری 3 مئی تک ججوں کی بحالی کا انتظار کرے گی ورنہ لانگ مارچ بھی ہو گا اور گلی گلی احتجاج بھی کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن نے جسٹس خلیل الرحمن رمدے سے ان کی رہائش گاہ پر ایک گھنٹہ ملاقات میں ججز کی بحالی میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ نجی ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا کہ ججز کی بحالی کے حوالے سے وہ مطمئن تو نہیں لیکن حکومت میں شامل لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ ڈیڈ لائن کے اندر ہی بحال کر دیے جائیں گے۔سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی نے کہا کہ وکلا رہنماؤں کی نوازشریف سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے یقین دلایا تھا معاہدہ بھوربن کے مطابق ججز بحال ہوں گے۔ ہم کسی صورت میں پی سی او کے ججوں کی موجودگی برداشت نہیں کریں گے اگر ججز 30/اپریل(کل) تک بحال نہیں ہوئے تو 3/مئی کو پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وہ پیر کو جنرل باڈی کے اجلاس میں صدارتی خطاب کررہے تھے۔ ملیر بار کے صدر امان اللہ خان یوسف زئی نے کہا کہ ہماری بار کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ خون کی قربانی سب سے پہلے ہم نے دی۔ ملیر بار کے وکلا کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔ ہماری جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔ ملیر بار کے دو عہدیداروں نے علامتی بھوک ہڑتال کی۔ جنرل باڈی کے اجلاس کے دوران پاکستان بار کونسل کے رکن محمد یاسین آزاد، سندھ بار کونسل کے رکن صلاح الدین گنڈہ پور، ملیر بار کے جنرل سیکرٹری مختار جونیجو نائب صدر اعجاز بنگش، خازن زرین ستی، محمود الحسن نیازی، ساتھی ایم اسحاق، سردار عارف، ایس ایم اقبال، عبدالوہاب بلوچ، چوہدری اقبال، ککی راوت، میر نواز خان مروت، خالد مروت، مشفیع احمد، اعجاز احمد، سہیل حمید، صلاح الدین احمد ، خالد جاوید خان، خالد جاوید اور دوسرے وکلا شامل تھے۔

No comments: