International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, May 1, 2008

سینٹر ل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ،164 ارب کی مالیت کے33 منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد : سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی ) نے 164 ارب روپے مالیت کے 33 منصوبوں کی منظوری دے دی ، جن میں سے پانی کے ذخائر کی تعمیر کے 7، فزیکل پلاننگ اور ہاؤسنگ کے 6 ، خوراک و زراعت اور صنعت و تجارت کے تین تین، توانائی کے دو ، گورنینس، صحت، ہائر ایجوکیشن کمیشن، آئی ٹی، افرادی قوت کے دو، دو جبکہ ایک منصوبہ جنگلات و جنگلی حیات سے متعلق ہے۔ منظور کئے گئے منصوبوں میں پانچ منصوبے ایسے ہیں جن پر نظر ثانی کر کے ان کی لاگت میں اضافے کی منظوری دی گئی جن میں منگلا ڈیم کی توسیع کے منصوبے پر نظر ثانی کے بعد متاثرین کی آباد کاری کیلئے لاگت میں 50 ارب روپے کا اضافہ منظور کیا گیا ہے جس کے بعد منصوبے پر کل 102ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ رواں سال موسم برسات میں منگلا ڈیم میں پانی جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔سی ڈی ڈبلیو پی نے وفاقی دارالحکومت میں وکلاء کے چیمبرز کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کے حوالے سے 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کے منصوبے کے علاوہ گریڈ ایک سے سولہ تک کے وفاقی ملازمین کے لئے رہائشی اپارٹمنٹس کی تعمیر کے حوالے سے زمین کی خریداری کیلئے 25 کروڑ 80 لاکھ روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا ساتواں اجلاس ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر اکرم شیخ کی صدارت میں ہوا جس میں 164 ارب روپے مالیت کے 33 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے بعد تفصیلات بتاتے ہوئے منصوبہ بندی کمیشن کے ترجمان آصف شیخ نے کہا کہ منظور کئے گئے منصوبوں میں سے 26 نئے جبکہ سات منصوبے پرانے ہیں جن کی لاگت میں نظر ثانی کے بعد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ منظور شدہ 33 منصوبوں میں سے 12 ایسے منصوبے ہیں جن کی لاگت 50 کروڑ روپے سے زائد ہے اور ان کو ایکنیک کی منظوری کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔ منظور شدہ منصوبوں میں 18 کل پاکستان ، پنجاب کے 4 ، سندھ کا ایک، صوبہ سرحد کے تین، بلوچستان کے تین، آزاد جموں وکشمیر کے دو جبکہ شمالی علاقہ جات کے دو منصوبے شامل ہیں۔منظور کئے گئے۔

No comments: