International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, May 1, 2008

ججوں کی بحالی کیلئے ڈیڈلائن کا اختتام، فضل الرحمن، اسفندیار کی لاتعلقی

اسلام آباد: ججوں کی بحالی کے لئے دی جانے والی ڈیڈلائن کے اختتام پر جہا ں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف اس بحران سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کے لئے دبئی میں فیصلہ کن مذاکرات میں مصروف ہیں ان کے دو اہم حلیف جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان اس سارے عمل میں لاتعلق نظر آرہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن جو بدھ کی شب سندھ کے دورے کے بعد پشاور پہنچے تھے انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اس موضوع پر گفتگو سے گریز کیا تاہم ججوں کی بحالی کے حو الے سے ان کا یہ موقف سامنے آچکا ہے کہ ”اعلان مری“ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کے درمیان معاہدے کی شکل میں سامنے آیا تھا، اب اس پر عملدرآمد کرنا بھی انہی دونوں کا کام ہے جبکہ 30/ دنوں میں ججوں کی بحالی کے حو الے سے بھی ان کے تحفظات تھے اور انہوں نے اہم سیاسی ایشوز پر ڈیڈلائن دینے کے طرز عمل کو غیر سیاسی قرار دیا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان کے بارے میں ان کے ذرائع کے حو الے سے گزشتہ روز یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ بھی دبئی میں ہی موجود ہیں تاہم بدھ کو عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسفندیارولی خان گزشتہ کئی روز سے تنظیمی دورے پر سویڈن میں ہیں انہوں نے بتایا کہ ججوں کو بحال کئے جانے والے معاملات پر ابھی تک پارٹی سے کسی بھی حوا لے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جبکہ جنگ کواپنے ذرائع سے معلوم ہواہے کہ اسفندیار ولی خان اس حوا لے سے پس منظر میں رہتے ہوئے مشاورت کے عمل میں شامل ہیں۔

No comments: