International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, May 1, 2008

الٹی گنتی ختم، ججوں کی بحالی کیلئے کوئی قرارداد آئی نہ ایگزیکٹو آرڈر

لاہور : 3 نومبر 2007ء کو معزول کئے گئے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججوں کی بحالی کے لئے حکمراں سیاستدانوں کی طرف سے 30 دن کی مدت کی الٹی گنتی کا آخری 30واں دن بھی گزر گیا مگر ججوں کی بحالی کے لئے نہ کوئی قرارداد آئی نہ کوئی انتظامی حکم جاری ہوا، ججوں کو بحال کیا جائے یا نہ کیا جائے، کب اور کیسے کیا جائے، اس پر 30ویں دن ملک سے باہر مذاکرات ہوتے رہے۔ معزول ججوں کی بحالی کے لئے حکمران اتحاد کی دی گئی 30 دن کی ڈیڈ لائن ختم ہونے اور کوئی فیصلہ سامنے نہ آنے کے بعد معزول ججوں نے اب اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کر دیا ہے۔ ”جنگ “نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے بعض معزول ججوں سے 30 دن کی مدت مکمل ہونے اور کوئی فیصلہ نہ ہونے کے حوالے سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ اب تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ کیا ہوگا، ہم نے تو اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کر دیا ہے۔ ان ججوں نے کہاکہ ہمیں کچھ پتہ نہیں کہ کیا ہو رہا ہے اور کیا نہیں ہو رہا۔ ایک سینئر معزول جج نے کہا کہ 6 ماہ ہوگئے گھر بیٹھے نہ تنخواہ ملتی ہے نہ پنشن، اب ہم کچھ اور کر بھی نہیں سکتے، اللہ جانتا ہے کہ گھر کیسے چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ مشکل میں ہائیکورٹ کے معزول جج ہیں اگر وہ ریٹائر ہوجاتے تو کم از کم سپریم کورٹ میں وکالت کر سکتے تھے مگر اب نہ وہ ریٹائر ہیں نہ نوکری پر ہیں، نہ وہ وکالت کر سکتے ہیں، اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ ہمارے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔

No comments: