International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Thursday, May 1, 2008
کشمیر پر بھارت سے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں،وزیر اعظم گیلانی
مظفر آباد: وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے اپنے حق خود ارادیت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کی یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، مظفر آباد میں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم یوسف گیلانی نے کہا کہ تاریخ بھی اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، کشمیریوں کی جدوجہد کی صداقت بالکل واضح ہے یہ جدوجہد کسی کے خلاف نہیں بلکہ اقوام عالم نے ان سے حق خود ارادیت کا جو وعدہ کیا تھا وہ اس کا ایفا چاہتے ہیں یہ حق کی بات ہے اور کشمیریوں کو یہ حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کئے جائیں گے۔ بھارت کے ساتھ اس عمل کو آگے بڑھائیں گے ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی اور جامع مذاکرات کا عمل کسی بہتر نتیجے پر پہنچے گا۔ ہمیں کشمیریوں کی خواہشات زیادہ عزیز ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ہونا چاہئے تاکہ فضا زیادہ سازگار ہو سکے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی راہ اپنائی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں جانب کے کشمیریوں کو آپس میں ملنے کے مواقع ملنے چاہئیں اوردونوں جانب سیاحت اور تجارت کو فروغ دینا چاہئے انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل خطے کی ترقی کے لئے ضروری ہے کیونکہ امن ہی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو پاکستانی پارلیمانی وفود میں شامل کیا جائے گا اور آئندہ وفاقی بجٹ میں قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو پچاس پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ دی جائے گی انہوں نے آزاد کشمیر میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لینے کا وعدہ کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین زلزلہ کی بحالی کے لئے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی ایک روزہ دورے پر جب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچے تو ہیلی پیڈ پران کا بھرپور استقبال کیا گیا ۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment