International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.

Thursday, May 1, 2008

رجسٹرار آفس سے خریدار‘ فروخت کنندگان کی جائیداد کے کاغذات لیکر فرار

کراچی : رجسٹرار آفس سے ایک خریدار جائیداد کے اصل کاغذات فروخت کنندگان کے قومی شناختی کارڈز اور دیگر ضروری دستاویزات لے کر پراسرار طور پر غائب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق عبدالجلیل اور انکی اہلیہ شاہدہ جلیل کی ملکیت طیب سینٹر‘ بلاک ایم‘ نارتھ ناظم آباد میں تیسری منزل میں 2 فلیٹس ہیں۔ کچھ عرصہ قبل یہ دونوں فلیٹس بفرزون نارتھ کراچی کے رہائشی ایک شخص قمر حسین صدیقی نے خریدنے کی کوشش کی اور اس غرض سے انہوں نے مذکورہ میاں بیوی سے سیل ایگریمنٹ کیا۔ جس کے مطابق بیعانے کے طور پر انہوں نے پہلے 2 لاکھ 70 ہزار اور پھر ایک لاکھ 50 ہزار روپے ادا کردئیے‘ جبکہ مزید رقم کی ادائیگی اور سیل ڈیڈ کے لئے یہ تمام افراد 27 اپریل کو متعلقہ رجسٹرار کے سامنے پیش ہوئے۔ تاہم ایڈمشن ڈیڈ نہ ہونے کے سبب رجسٹرار آفس سے انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ البتہ خریدار نے فروخت کنندگان کو اس روز مزید 20 ہزار روپے دئیے۔ اس کے بعد فریقین 29 اپریل کو پھر رجسٹرار آفس پہنچے۔ جہاں قمر صدیقی کے وکیل نے عبدالجلیل اور ان کی اہلیہ سے دونوں فلیٹس کی اصل سب لیز کے کاغذات‘ ان کے اصل قومی شناختی کارڈز اور دیگر متعلقہ دستاویزات لے لئے اور رجسٹرار آفس میں چلے گئے‘ جبکہ قمر صدیقی‘ عبدالجلیل کے ہمراہ رجسٹرار آفس کے باہر بینچ پر بیٹھ گئے۔ قریبا آدھے گھنٹے بعد وکیل باہر آیا اور مزید 35 منٹ انہیں وہیں بیٹھنے کو کہا۔ اس کے 5 منٹ بعد ایک شخص آیا۔ جس نے قمر صدیقی کو بلایا اور وہ ایک منٹ میں آنے کا کہہ کر کہیں چلے گئے۔ مگر کئی گھنٹے تک جب یہ افراد واپس نہیں آئے تو عبدالجلیل کو تشویش ہوئی۔ انہوں نے رجسٹرار آفس میں جا کر چیک کیا تو وہاں ان کے کوئی کاغذات نہیں تھے۔ جس کے بعد عبدالجلیل نے متعلقہ رجسٹرار اور تیموریہ تھانے میں مذکورہ واقعے کے حوالے سے 2 الگ الگ درخواستیں جمع کرادی ہیں۔

No comments: