International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Thursday, May 1, 2008
کوئٹہ:ڈھائی سال بعد جسقم کے رہنما ڈاکٹر صفدر سرکی جیل سے رہا
حب : جئے سندھ قومی محاذ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر صفدر سرکی کو ڈھائی سال بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔ وہ دو سال لاپتہ رہے جبکہ چھ ماہ بلوچستان کی جیلوں میں رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر صفدر سرکی کو ڈھائی سال بعد بدھ کے روز سول اسپتال کوئٹہ کے جیل وارڈ سے رہا کردیا گیا ہے۔ انہیں 24 فروری 2006ء کو جیکب آباد سندھ سے خفیہ اداروں نے گرفتار کرکے لاپتہ رکھا تھا۔ بعد میں 11 اکتوبر 2007ء کو بلوچستان کے علاقے حب کے ساکران پولیس تھانہ میں ڈاکٹر صفدر سرکی پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرکے انہیں منظرعام پر لایا گیا اور ان کے خلاف 11 اکتوبر 2007ء کو پولیس تھانہ ساکران میں مقدمہ نمبر 23 اور 24 درج کیا گیا جن میں ڈاکٹر صفدر سرکی کی کار سے دو دستی بم اور دو کلاشنکوفیں برآمد ہونے پر دو علیحدہ علیحدہ ایف آئی آر کاٹی گئیں جبکہ 4 نومبر 2007ء کو مقدمہ نمبر 31 بھی ڈاکٹر صفدر سرکی کے خلاف درج کیا گیا جس میں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر صفدر سرکی کے قبضے سے پکڑ ی گئی کار کی نمبر پلیٹ جعلی ہے۔ ان مقدمات کی بناء پر ڈاکٹر صفدر سرکی کو سینٹرل جیل گڈانی میں اور بعد میں سینٹرل جیل ژوب میں رکھا گیا ۔ بعد ازاں کچھ دن قبل ڈاکٹر صفدر سرکی کو علاج کے لئے سول اسپتال کوئٹہ کے جیل وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ بدھ کو حکومت بلوچستان نے ڈاکٹر صفدر سرکی پر عائد مقدمات واپس لے لئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ژوب نے ڈاکٹر صفدر سرکی کی رہائی کا حکم جاری کردیا۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment