International News Agency in english/urdu News,Feature,Article,Editorial,Audio,Video&PhotoService from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan. Editor-in-Chief M.Rafiq.
Wednesday, April 30, 2008
دینی مدارس کا تشخص برقرار رکھنا اہم ترجیح ہے، فضل الرحمن
کراچی:جمعیت علمائے اسلام کے امیر اور متحدہ مجلس عمل کے جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے تشخص کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا، حکومت میں شمولیت کے لیے پیش کردہ ساری ترجیحات میں دینی مدارس کا تشخص اور آزادی اہم ترجیح ہے۔ جمعیت علمائے اسلام وفاق المدارس العربیہ کے قائدین کے ساتھ اس حوالے سے حکمت عملی وضع کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کی بڑی دینی جامعات کے دورے کے موقع پر اکابر علماء کرام سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی کے وفد کے ہمراہ جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کا دورہ کیا اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان، ڈاکٹر محمد عادل خان سے ملاقات کی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے جامعہ حمادیہ میں جامعہ کے مہتمم مولانا عبدالواحد اور جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالصمد ہالیجوی سے ملاقات کی اور جماعتی امور پر بات چیت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے جامعہ اشرف المدارس گلشن اقبال کا بھی دورہ کیا اور جامعہ کے بانی پیر طریقت حکیم محمد اختر اور حکیم محمد اظہر سے ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمن نے جامعہ عربیہ احسن العلوم گلشن اقبال میں جامعہ کے بانی مہتمم مولانا مفتی محمد زرولی خان سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment